ممبئی: بھارت کے سابق کرکٹر سنجے مانجریکر کا ماننا ہے کہ تجربہ کار آسٹریلیائی بلے باز اسٹیو اسمتھ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 میں گجرات ٹائٹنز میں زخمی کین ولیمسن کی جگہ لے سکتے ہیں۔ مانجریکر نے اسٹار اسپورٹس کے پروگرام 'کرکٹ لائیو' میں کہا کہ "میرے خیال میں کین ولیمسن کے متبادل کے طور پر اسمتھ کو منتخب کرنا بہت اچھا فیصلہ ہوگا۔ اسٹیو اسمتھ جس طرح کے کھلاڑی ہیں، ٹیم ویسا ہی کھلاڑی چاہتی ہے جو ہر طرح سے کھیل سکے۔" غور طلب ہے کہ چنئی سپر کنگز اور ٹائٹنز کے درمیان کھیلے گئے آئی پی ایل 2023 کے پہلے میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے ولیمسن زخمی ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ مانجریکر نے کہا کہ اسمتھ کپتانی کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کے نقطہ نظر سے بھی ٹائٹنز کے لیے کارگر ثابت ہو سکتے ہیں۔
مانجریکر نے کہا کہ "نئے اصول (امپیکٹ پلیئر رولز) کو ذہن میں رکھتے ہوئے، میں دیکھنا چاہوں گا کہ اسمتھ کیسی کپتانی کرتے ہیں۔ ہم ہندوستان-آسٹریلیا سیریز کے دوران بھی اس بارے میں بات کر رہے تھے۔ ہاردک پانڈیا نے بھی (سپر کنگز کے خلاف میچ کے بعد) کہا تھا کہ انہیں مدد کی ضرورت ہے۔ اس نقطہ نظر سے یہ بہترین فیصلہ ہوسکتا ہے۔ غور طلب ہے کہ اسمتھ آئی پی ایل 2020 تک دہلی کیپٹلس کا حصہ تھے، حالانکہ اس سال نیلامی میں انہوں نے اپنا نام نہیں دیا۔ اسمتھ نے اسٹار اسپورٹس پر کہا کہ وہ ٹورنامنٹ میں واپسی کے لیے اگلے سال تک کا انتظار کرنا چاہیں گے۔ انہوں نے کہا، "مجھے نہیں معلوم کہ میں کوالیفائی کروں گا یا نہیں، میں نے خود کو نیلامی میں بھی نہیں رکھا تھا۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس کا کوئی امکان ہے۔ شاید ہمیں یہ دیکھنے کے لئے اگلے سال تک کا انتظار کرنا ہوگا کہ ہم کہاں جاتے ہیں۔