ممبئی: انڈین پریمیئر لیگ کے موجودہ سیزن میں بیس پرائس پر خریدے گئے اجنکیا رہانے (سی ایس کے)، موہت شرما (گجرات ٹائٹنز)، پیوش چاولہ (ممبئی انڈینز) اور مینک مارکنڈے (ایس آر ایچ) نے اپنی کارکردگی سے نہ صرف یہ کہ ناقدین کو خاموش کر دیا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ بڑھتی عمر کے باوجود ان میں کافی کرکٹ باقی ہے۔ سبھی کو ٹاٹا آئی پی ایل 2023 کی نیلامی میں ان کی بنیادی قیمت پر خریدا گیا تھا۔ ان کھلاڑیوں کو سیزن کے آغاز سے پہلے کسی نے موقع نہیں دیا لیکن انہوں نے اپنی کارکردگی سے اپنے ناقدین کو خاموش کر دیا۔ موہت شرما نے تین میچوں میں چار وکٹ حاصل کئے ہیں اور پہلے ہی دو مواقع پر گجرات کے لیے دو پلیئر آف دی میچ ایوارڈز کے ساتھ واپس آ چکے ہیں۔ ڈیتھ اوورز میں، وہ کپتان ہاردک پانڈیا کے لیے ایک پسندیدہ گیند باز رہے ہیں۔
اجنکیا رہانے کو چنئی سپر کنگز نے 50 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر خریدا تھا لیکن انہوں نے ٹاٹا آئی پی ایل میں اپنی شاندار پرفارمنس سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ وہ اب تک پانچ اننگز میں 52.25 کی اوسط اور 199.1 کے اسٹرائیک ریٹ سے 209 رنز بنا چکے ہیں۔ ہندوستانی خاتون ٹیم کی سابق رکن میتھالی راج نے اسٹار اسپورٹس کرکٹ لائیو پر کہا “رہانے نے پھر سے اپنے کھیل میں تبدیلی کی ہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فٹ ہونا چاہتے تھے اس لیے اپنا کھیل میں تبدیلی کرلی۔ اس کے شاٹس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، لیکن اس کے انداز میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ یہ رہانے بالکل نئے لگ رہے ہیں۔ اسی طرح سینئر اسپنر پیوش چاولہ نے چھ میچوں میں نو وکٹ حاصل کیے ہیں جو وہ پانچ بار کی چیمپئن ممبئی انڈینز کے لیے کھیل چکے ہیں۔ چاولہ نے اپنے پہلے چھ میچوں میں 6.9 کی اکانومی سے گیند کی۔