ممبئی: آئی پی ایل 2023 اس ہفتے جمعہ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ ممبئی کی خواتین کھلاڑیوں کے WPL 2023 کا خطاب جیتنے کے بعد، ممبئی انڈینز پر ایک بار پھر اچھی کارکردگی کا دباؤ بڑھ جائے گا۔ غور طلب ہے کہ سنہ 2008 سے 2022 کے درمیان ممبئی انڈینز کی ٹیم اب تک 5 بار آئی پی ایل ٹائٹل جیت چکی ہے۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم نے یہ ٹائٹل سنہ 2013، 2015، 2017 میں ایک سال کے وقفے سے جیتا تھا، جب کہ سنہ 2019 اور 2020 میں وہ مسلسل اسے جیتنے میں کامیاب رہی تھی، لیکن آئی پی ایل کا 2022 کا سیزن ممبئی انڈینز کے لیے بدترین سیزن رہا ہے جہاں ممبئی انڈینز 10 ٹیموں میں سب سے نیچے تھا۔ اس بار اسے ٹاپ پر پہنچنے کے لیے 10ویں پوزیشن سے سفر کرنا ہے۔ اس کے لیے اس بار ممبئی کے کوچ مارک باؤچر اور کپتان روہت شرما پر بڑی ذمہ داری ہوگی۔
بتادیں کہ ممبئی انڈین کا پہلا میچ 2 اپریل کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ سب سے زیادہ مرتبہ آئی پی ایل جیتنے والی ٹیم کا پہلا میچ رائل چیلنجرز بنگلور سے ہوگا۔ شام 7:30 بجے ہونے والے اس میچ میں روہت شرما کی ٹیم پر ایک بار پھر آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کا دباؤ ہوگا۔ ممبئی انڈینس کی خواتین ٹیم کے ٹائٹل جیتنے کے بعد یہ دباؤ اور بھی بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی انڈینز کی ٹیم ان چند ٹیموں میں سے ایک ہے جو سنہ 2008 کے بعد سے تمام آئی پی ایل سیزن میں کھیلی ہے۔ پہلے سیزن میں چھٹی پوزیشن سے شروع ہونے والا ممبئی انڈینس کا سفر تمام ٹیموں میں بہترین رہا ہے۔ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی ٹیم پہلی بار سنہ 2013 میں چیمپئن بنی تھی جب انیل کمبلے ٹیم کے کوچنگ اور رکی پونٹنگ کپتان تھے۔ جسپریت بمراہ کا بھی یہ پہلا آئی پی ایل تھا۔ اس سیزن میں سچن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔