حیدرآباد:آسٹریلیائی آل راؤنڈر کیمرون گرین کی شاندار نصف سنچری (64 ناٹ آؤٹ) اور گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ممبئی انڈینس نے منگل کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو 14 رنز سے شکست دے دی۔ ممبئی نے سن رائزرس کے سامنے 193 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم 178 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ گرین نے 40 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 64 رنز بنا کر آئی پی ایل میں اپنی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے درمیانی اوور میں تلک ورما (17 گیندوں، 37 رنز) کے ساتھ ایک دھماکہ خیز نصف سنچری شراکت داری کی، جس نے ممبئی کو 192 رنز کے بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ سن رائزرس 193 کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن پیوش چاولہ اور میریڈیتھ نے درمیانی اوور میں چار اہم وکٹیں حاصل کیں۔ سن رائزرس کو آخری اوور میں 20 رنز درکار تھے۔ ارجن ٹنڈولکر نے اس اوور میں صرف پانچ رنز دیے اور اپنا پہلا آئی پی ایل وکٹ لے کر ممبئی کو جیت دلائی۔
آسٹریلیائی آل راؤنڈر کیمرون گرین (40 گیندوں میں 64 رن) نے دھماکہ خیز نصف سنچری بنائی اور تلک ورما (17 گیندوں میں 37 رن) کے ساتھ نصف سنچری شراکت کی بدولت ممبئی انڈینس نے سن رائزرس حیدرآباد کے سامنے 193 رن کا ہدف رکھا۔ ممبئی نے ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان روہت شرما کی بدولت جارحانہ آغاز کیا۔ روہت نے 18 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے، حالانکہ وہ ایک بار پھر اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر سکے اور پانچویں اوور میں ٹی نٹراجن کا شکار ہو گئے۔ روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد ممبئی کا رن ریٹ سست پڑگیا۔ اسپنرز کے سامنے کچھ دیر جدوجہد کرنے کے بعد گرین نے واشنگٹن سندر کی گیند پر چھکا لگا کر اپنے ہاتھ کھولے۔ ایشان کشن نے بھی 10ویں اوور میں مینک مارکنڈے کو دو چوکے لگائے، حالانکہ وہ 31 گیندوں پر 38 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔