ممبئی:سوریہ کمار یادو (103 ناٹ آؤٹ) کی طوفانی ناقابل شکست سنچری کے آگے راشد خان (4 وکٹ، 79 ناٹ آؤٹ) کی شاندار کارکردگی ناکافی ثابت ہوئی اور ممبئی انڈینس نے جمعہ کے روز کھیلے جانے والے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میچ میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف 27 رنز سے جیت درج کی۔ ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پانچ وکٹ پر 218 رن کا مشکل اسکور بنایا، جواب میں گجرات ٹائٹنز مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 191 رن ہی بنا سکی۔ ایک موقع پر گجرات کی آٹھ وکٹیں 103 رنز پر گر چکی تھیں اور ممبئی کی جیت بہت آسان لگ رہی تھی لیکن گیند کے ساتھ کمال کا مظاہرہ کرنے والے راشد خان بلے سے بھی کچھ کر دکھانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ راشد خان نے صرف 32 گیندوں پر تین چوکے اور دس چھکے لگا کر میچ میں جوش و خروش پیدا کیا اور گراؤنڈ پر موجود مداحوں کی واہ واہی لوٹ لی۔
راشد خان نے 32 گیندوں میں 79 رنز بنائے۔ تاہم انہیں ممبئی کے بڑے اسکور تک پہنچنے کے لیے کچھ اور اوور درکار تھے۔ ممبئی کے گیند باز ہر گیند پھینکنے کے بعد گیند کو صاف کرتے نظر آئے۔ آکاش مدھوال نے تین جبکہ پیوش چاولہ اور کمار کارتیکیا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ممبئی نے سوریہ کمار یادو (ناٹ آؤٹ 103) کی شاندار سنچری کی بدولت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف پانچ وکٹ پر 218 رن کا چیلنج کھڑا کیا۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی کا سوریہ خوب چمکا، راشد خان (4/30) کو چھوڑ کر، سوریہ نے باقی چار گیند بازوں کو خوب دھویا۔ اپنی ناقابل شکست سنچری میں سوریہ نے صرف 49 گیندوں میں 11 چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ یہ ان کی رواں آئی پی ایل سیزن کی پہلی سنچری تھی۔ اس سے قبل 9 مئی کو انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) کے خلاف 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔