ممبئی: چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے متبادل کی تلاش شروع ہوگئی۔ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ بار مہندر سنگھ دھونی آئی پی ایل سیزن 2023 کے بعد چنئی سپر کنگز کی کپتانی چھوڑ دیں گے۔ ایسے میں ان کے متبادل کھلاڑی کی تلاش جاری ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی کا متبادل بن کر چنئی سپر کنگز کی قیادت کریں گے۔
چنئی سپر کنگز کی ٹیم کے آل راؤنڈر کھلاڑی معین علی کا خیال ہے کہ دھونی کے کپتانی چھوڑنے کے بعد بین اسٹوکس چنئی سپر کنگز کی کپتانی کے سب سے بڑے دعویدار ہو سکتے ہیں اور وہ طویل عرصے تک ٹیم کا حصہ رہ سکتے ہیں۔ دسمبر کے مہینے میں ہونے والی منی نیلامی میں اسٹوکس کو چنئی سپر کنگز نے تقریباً 16.25 کروڑ میں خریدا تھا۔ وہ چنئی کے لیے سیزن کے پہلے دو میچ کھیل چکے ہیں، جس میں انھوں نے اب تک دو اننگز میں صرف 15 رنز بنائے ہیں۔ تقریباً ایک برس اسٹوکس کی کپتانی میں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی پوزیشن بہتر ہوگئی ہے۔ ان کی کپتانی میں ٹیم نے 12 میں سے 10 میچ جیتے ہیں۔ معین نے جمعہ کی شام کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ اسٹوکس کی کامیابی ان کے لیے 41 سالہ دھونی کی جگہ کپتان کے طور پر کافی تھی۔ ویسے یہ فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کو لینا ہے اور موجودہ کپتان مہندر سنگھ دھونی کا بھی اس میں اہم کردار ہوگا۔