لکھنؤ: اوپنر کائل میئرز (73) کی دھماکہ خیز نصف سنچری اور مارک ووڈ ((14/5) کی شاندار گیند بازی کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ہفتہ کو دہلی کیپیٹلز کو 50 رنز سے شکست دےکر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا۔ اپنے ہوم گراؤنڈ ایکنا اسٹیڈیم میں کھیلتے ہوئے لکھنؤ نے 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ جواب میں دہلی کی ٹیم صرف 143 رنز تک ہی پہنچ سکی۔ میئرز نے 14 رنز کے اسکور پر نئی زندگی ملنے کے بعد موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 37 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں دو چوکے اور سات چھکے شامل تھے جس کی بنیاد پر لکھنؤ خراب آغاز کے باوجود 193 رنز بنا سکی۔ دہلی نے جواب میں تیز شروعات کی لیکن ووڈ کی مہلک بولنگ کا کوئی جواب نہیں تھا۔ ووڈ نے چار اوورز میں صرف 14 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
دہلی کے لیے ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ 56 رنز بنائے، حالانکہ اس کے لیے انھوں نے 48 گیندیں کھیلی تھیں۔ دہلی نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا اور لکھنؤ کے بلے بازوں کو دباؤ میں ڈال دیا۔ کپتان کے ایل راہل 12 گیندوں پر آٹھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ میئرز کو بھی رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لکھنؤ پاور پلے میں صرف 30 رنز بنا سکی لیکن چھٹے اوور میں میئرز کا کیچ گرانا خلیل احمد اور دہلی کو مہنگا پڑا۔ اپنی ابتدائی 17 گیندوں میں صرف 17 رنز بنانے والے میئرز نے پاور پلے ختم ہوتے ہی اپنے ہاتھ کھول دیے اور تیزی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی۔ دیپک ہڈا 18 گیندوں پر 17 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے لیکن میئرز کی شاندار بلے بازی نے 12ویں اوور میں لکھنؤ کی سنچری مکمل کی۔