نئی دہلی: اپنے چھٹے میچ میں گجرات ٹائٹنز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر لکھنؤ کی ٹیم کا مقابلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گجرات کی ٹیم تیز شروعات نہیں کر سکی۔ نوجوان بلے باز شبمن گل صفر پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ہاردک پانڈیا اور ریدھیمان ساہا نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔
گجرات کے اوپننگ بلے باز ریدھیمان ساہا اپنی نصف سنچری سے صرف 3 رنز دور رہے، لیکن ہاردک پانڈیا نے ٹیم کی امیدوں کو زندہ رکھا۔ انہوں نے سمجھداری کے ساتھ بلے بازی کی اور 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ہاردک کی اننگز میں 2 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے جس کے بعد گجرات نے لکھنؤ کے سامنے 136 رنز کا ہدف دیا۔ لکھنؤ کی بلے بازی شروع ہوتے ہی میچ یک طرفہ نظر آیا۔ کائل میئرز اور کے ایل راہل نے مشکل پچ پر اپنی ٹیم کو اچھی شروعات دلائی، لیکن اننگز کے اختتام پر موہت شرما نے کھیل ہی پلٹ دیا۔