نئی دہلی: لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان لوکیش راہل (کے ایل راہل) چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل اور ڈبلیو ٹی سی فائنل سے باہر ہو گئے ہیں۔ کے ایل راہل نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ بتادیں کہ ڈبلیو ٹی سی کا فائنل آئی پی ایل کے بعد کھیلا جانے والا ہے۔ کے ایل کے باہر ہونے سے شائقین کو یقیناً ایک جھٹکا لگا ہے۔ راہل نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ سرجری کے لیے جائیں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں، کرونل پانڈیا آئی پی ایل میں لکھنؤ کی کپتانی کرنے جا رہے ہیں۔
بتادیں کہ یکم مئی کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان راہل رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف میچ میں باؤنڈری روکنے کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ بنگلورو کے خلاف دوسرے اوور میں فیلڈنگ کرتے ہوئے راہل کو یہ چوٹ لگی تھی۔ اس میچ میں راہل 11 ویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے اور رنز بنانے کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ اس میچ میں لکھنؤ کو 18 رنز سے شکست ہوئی۔
انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں راہل نے کہاکہ "میڈیکل ٹیم کے ساتھ مکمل بات چیت کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ انہیں جلد ہی ران کی سرجری کرانی ہوگی۔ میری توجہ آنے والے ہفتوں میں بحالی اور صحت یابی پر مرکوز رہے گی۔ یہ فیصلہ مشکل تھا، لیکن میں جانتا ہوں کہ یہ مکمل صحت یابی کے لیے ضروری ہے۔"
آئی پی ایل 2023 میں راہل نے 34.25 کی اوسط سے 274 رنز بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کپتان کے طور پر ایسے اہم وقت میں ٹیم سے باہر ہونا تکلیف دہ ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ کھلاڑی ہمیشہ کی طرح اپنا بہترین دیں گے۔ میں تمام میچز دیکھوں گا اور آپ سب کو دیکھوں گا۔ راہل نے کہاکہ "وہ اگلے ماہ اوول میں بھارتی ٹیم کے ساتھ نہیں رہیں گے۔ بھارتی ٹیم میں واپسی کی پوری کوشش کریں گے۔ یہی ان توجہ اور ترجیح ہے۔"