احمد آباد: شبھمن گل (129 رن، 60 گیند) کی رنوں کی برسات کے بعد موہت شرما (دس رن پر پانچ وکٹ) کی جارحانہ گیند بازی کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے جمعہ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں ممبئی انڈینز کو 62 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ یہ میچ بارش سے متاثر ہونے کے باوجود گجرات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 233 رنز بنائے جس کے جواب میں ممبئی کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 171 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ گجرات ٹائٹنز اب اتوار کو فائنل میں چنئی سپر کنگز سے ٹکرائے گی۔
نریندر مودی اسٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے میچ مقررہ وقت سے تقریباً آدھا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ ٹاس جیتنے کے بعد ممبئی کے کپتان روہت شرما نے پچ میں موجود نمی کا اندازہ لگاتے ہوئے گجرات کو بیٹنگ سونپی، لیکن اوپنر کے طور پر میدان میں اترنے والے شبھمن کے تیور کا انہیں قطعی اندازہ نہیں تھا۔ کریز پر آتے ہی پنجاب کے متحرک کھلاڑی کے بلے نے آگ اگلنی شروع کر دی۔
شبھمن کے طوفان کو روکنے کی روہت سینا نےبھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے اور دیکھتے ہی دیکھتے گجراتی شیر نے نہ صرف آئی پی ایل کی سنچری مکمل کی بلکہ اس کے بعد بھی ممبئی کے گیند بازوں پر کوئی رحم نہیں کیا۔ 129 رنز کی اپنی اننگز میں انہوں نے محض 60 گیندوں میں دس چھکے لگائے اور سات بار گیند کو باؤنڈری لائن سے باہر پہنچایا۔ انہیں آکاش مدھوال کے شاندار یارکر پر ٹم ڈیوڈ نے آؤٹ کیا۔ شبھمن نے سائی سدرشن (43) کے ساتھ 138 رنز کی شاندار شراکت بھی کی۔