احمد آباد: آئی پی ایل 2023 کا سیزن شبھمن گل، یشسوی جیسوال اور تلک ورما جیسی ابھرتی ہوئی نوجوان صلاحیتوں کے لیے پہچانا جا سکتا ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس سیزن کو ایشانت شرما، پیوش چاولہ اور موہت شرما جیسے بھولے بسرے گیندبازوں کی دھماکے دار واپسی کے لیے بھی یاد کیا جائے۔ ممکن ہے کہ یہ سیزن اپنے سانس روک دینے والے سنسنی خیز میچوں اور بے مثال ریکارڈوں کے لیے بھی جانا جائے، لیکن غالب امکان ہے کہ آئی پی ایل 2023 کو دھونی کے آخری کرکٹ ٹورنامنٹ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
لہذا جب مہندر سنگھ دھونی اتوار کو آئی پی ایل فائنل میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف ممکنہ طور پر آخری بار اپنی پیلی جرسی پہن کر اتریں گے، تو وہ چنئی سپر کنگز کو ریکارڈ پانچویں مرتبہ چیمپئن بنانا چاہیں گے۔ دھونی چنئی کے کپتان کے طور پر کل 10 آئی پی ایل فائنل کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے اپنا پہلا آئی پی ایل فائنل 2008 میں شین وارن کی راجستھان رائلز کے خلاف کھیلاتھا۔ ٹیمیں اور کپتان نسل در نسل بدلتے رہے لیکن دھونی نے اپنی چمک سے آئی پی ایل کے آخری مراحل کو روشن رکھا۔ فرنچائزی کے لئے دو سال کی پابندی کے باوجود، چنئی سب سے زیادہ آئی پی ایل جیتنے کے معاملے میں ممبئی انڈینز (پانچ) کے بعد سے پیچھے ہے۔ دھونی اتوار کو ایک اور آئی پی ایل فائنل جیت کر ممبئی کے ریکارڈ کی برابری کرنا چاہیں گے۔
تاہم گجرات کے ہوم گراؤنڈ نریندر مودی اسٹیڈیم میں یہ آسان نہیں ہوگا۔ سلامی بلے باز شبھمن گل گزشتہ چار میچوں میں تین سنچری اسکور کرتے ہوئے شاندار فارم میں ہیں اور نریندر مودی اسٹیڈیم میں ان کی فارم کا الگ ہی رنگ نظر آتا ہے۔ گِل اس گراؤنڈ پر 11 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 70.00 کی اوسط اور 157.50 کے اسٹرائیک ریٹ سے 630 رن بناچکے ہیں، جس میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ممبئی کے خلاف دوسرے کوالیفائر میں 60 گیندوں پر 129 رنز کی ان کی دھماکہ خیز اننگ نے چنئی کو چوکنا کردیا ہوگا۔