انڈین پریمیئر لیگ 2022 میں آج ممبئی اور کولکاتا کے درمیان ہونے والا میچ کافی سنسنی خیز ہونے جا رہا ہے۔ اس میچ میں دونوں ٹیمیں جیتنے حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ اس سیزن میں پہلی بار دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہونے جا رہی ہیں۔ اگر ممبئی انڈینز رواں انڈین پریمیئر لیگ میں اپنا کھاتہ کھولنا چاہتی ہے تو اس کے گیند بازوں کو کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آئی پی ایل میں پانچ بار کی چیمپیئن ممبئی انڈینز اس سیزن میں اب تک اپنے دونوں میچ ہار چکی ہے۔ پہلے میچ میں دہلی کیپٹلز نے چار وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں راجستھان رائلز کے ہاتھوں 23 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ IPL Match Preview
ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف جیت درج کرنے کے لیے کئی شعبوں میں بہتری لانا چاہیں گے۔ کے کے آر کی ٹیم پنجاب کنگز کے خلاف چھ وکٹ سے جیت درج کرنے کے بعد بلند حوصلے کے ساتھ اس میچ میں اترے گی۔ راجستھان کے خلاف آخری میچ میں تیز گیند باز باسل تھمپی اور اسپنر مروگن اشون ممبئی کے لیے کمزور کڑیاں ثابت ہوئے تھے۔ تھمپی نے ایک اوور میں 26 رنز اور اشون نے تین اوور میں 32 رن دیئے تھے۔ اس کے علاوہ آسٹریلوی تیز گیند باز ڈینیئل سیمس بھی گزشتہ دو میچوں میں کافی رنز دے چکے ہیں اور وکٹ لینے میں ناکام رہے ہیں۔ اس لیے کے کے آر کے بلے بازوں کو روکنے کے لیے تینوں کو صحیح لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کرنی ہوگی۔ تاہم جسپریت بمراہ نے اپنی بہترین گیند بازی سے ثابت کر دیا ہے کہ ان کا شمار دنیا کے بہترین گیند بازوں میں کیوں کیا جاتا ہے لیکن دوسرے کنارے سے انہیں خاطر خواہ تعاون نہیں مل رہا ہے۔ IPL Matches analysis
روہت شرما کو بھی سازگار نتیجہ حاصل کرنے کے لیے اپنے پسندیدہ حریف کے خلاف دوبارہ بڑی اننگز کھیلنی ہوگی۔ سلامی ایشان کشن نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے پہلے میچ میں 81 اور دوسرے میچ میں 54 رنز بنائے تھے۔ اگر ممبئی کو بڑا اسکور کرنا ہے تو روہت شرما اور ایشان کشن کو اسے اچھی شروعات کرنا پڑے گی۔ ممبئی انڈینز سوریہ کمار یادو کی بہت کمی محسوس کر رہا ہے جو انگلی کی چوٹ کی وجہ سے پہلے دو میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ اس بارے میں ابھی تک غیر یقینی ہے کہ آیا وہ اگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ انمول پریت سنگھ، ٹم ڈیوڈ اور کیرون پولارڈ کو بھی اپنا کردار بخوبی ادا کرنا ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ممبئی جنوبی افریقہ کے ڈیولڈ بریوس کو موقع دیتی ہے یا نہیں۔