آئی پی ایل نئی فرنچازی ٹیم گجرات ٹائٹنز نے سیزن کے شروعات سے ہی اپنا دبدبہ برقرار رکھا ہے اور یکے بعد دیگرے تمام ٹیموں کو شکست دے رہی ہے، گجرات ٹائٹنز سات میچوں میں چھ جیت کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام پر ہے جبکہ سن رائزرس حیدرآباد سات میچوں میں پانچ جیت اور 10 ہوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات کا ہدف یہ میچ جیت کر پلے آف کے قریب پہنچنا ہوگا۔ دوسری جانب حیدرآباد کا مقصد چھٹی جیت کے ساتھ ٹیبل میں چوٹی پر پہنچنا رہے گا۔ IPL Latest Updates
گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا اچھے فارم میں نظر آ رہے ہیں اور اپنے پورے چار اوور کی گیندبازی بھی کر رہے ہیں۔ ہاردک نے چھ اننگز میں 73.75 کی اوسط سے 295 رنز بنائے ہیں۔ وہ پورے چار اوورز کر رہے ہیں، تو ان کے لیے وکٹ لینے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ یہ میچ وانکھیڈے اسٹیڈیم پر ہے، جہاں ہاردک نے ممبئی انڈینز کے لیے کافی میچ کھیلے ہیں۔ IPL Match Preview
دوسری جانب سن رائزرس حیدرآباد کے نوجوان بھارتی تیز گیند باز عُمران ملک گجرات کے لوکی فرگوسن کی 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا جواب تقریباً اسی رفتار سے دیں گے۔ اس معاملے میں تاہم حیدرآباد کا پلڑا تھوڑا بھاری نظر آرہا ہے جس نے اپنے آخری میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کوصرف 68 رنز پرسمیٹ دیا تھا ۔ ٹیم کے چاروں تیز گیند باز زبردست فارم میں ہیں اور سبھی ایک دوسرے سے مختلف گیند بازی کے لیے معروف ہیں۔ نوجوان جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن (پانچ میچوں میں 6 وکٹیں) گیند کو باؤنس کے ساتھ سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ عُمران (سات میچوں میں 10 وکٹیں) کی رفتار ہے۔ یارکر کے ماہر ٹی نٹراجن (سات میچوں میں 15 وکٹیں) اور تجربہ کار بھونیشور کمار (سات میچوں میں نو وکٹ) بھی اچھے فارم میں ہیں۔ حیدرآباد ٹیم کی کمزور کڑی اسپن گیند بازی ہے جس میں زخمی واشنگٹن سندر کی جگہ جگدیش سچیت کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اسپن گیند بازی کے معاملے میں گجرات ٹائٹنز کے پاس تجربہ کار راشد خان ہیں، جنہوں نے موجودہ سیزن میں زیادہ وکٹیں نہیں لیں لیکن رنز روکنے میں کامیاب ہیں۔ تیز گیند بازی میں فرگوسن کو محمد شامی (سات میچوں میں 10 وکٹیں) کا شاندار تعاون مل رہا ہے۔ گجرات کی ٹیم کے لیے پاور پلے میں بلے بازی باعث تشویش ہے۔ شبھمن گل نے دو بڑی اننگز کھیلی ہیں لیکن وہ سات میچوں میں صرف 207 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ میتھیو ویڈ کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے ردھیمان ساہا بھی بلے سے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ٹیم کے پاس وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر افغانستان کے رحمان اللہ گرباز کی شکل میں متبادل موجود ہے لیکن انہیں موقع دینے کے لئے ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز الزاری جوزف کو پلیئنگ الیون سے باہر ہونا پڑ سکتا ہے۔