اردو

urdu

ETV Bharat / sports

عُمران ملک، ایک ہی میچ میں لاکھوں لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا لیا - سن رائزرس حیدرآباد

آئی پی ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عُمران مک نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف میچ میں اپنی برق رفتار گیندوں سے ہر کسی کو انگشت بدنداں کر دیا۔ ہر کسی کے ذہن میں یہی سوال ہے کہ اس بہترین گیند باز کو آخر ابھی تک ٹیم میں موقع کیوں نہیں دیا گیا تھا۔

سن رائزرس حیدرآباد کے تیز گیند باز عُمران ملک
سن رائزرس حیدرآباد کے تیز گیند باز عُمران ملک

By

Published : Oct 5, 2021, 2:09 PM IST

عُمران ملک، چند دنوں قبل تک یہ نام کوئی نہیں جانتا تھا لیکن اب ہر کرکٹ مداح کی زبان پر یہ نام ہے اور ہر کوئی اس کے بارے میں جاننا چاہتا ہے۔ دراصل عُمران ملک آئی پی ایل فرنچائزی سن رائیزرس حیدر آباد ٹیم کا حصہ ہیں اور گزشتہ روز انہیں اپنا پہلا آئی پی ایل میچ کھیلنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے اپنی تیز گیند بازی سے ہر کسی کو متاثر کر دیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ ٹیم سن رائزرس حیدر آباد کے تیز گیند باز ٹی نٹراجن کے کورونا پازیٹیو ہونے کے بعد ایک نئے کھلاڑی کو ٹیم میں جگہ ملی جس کا نام عُمران ملک ہے۔ عُمران کو گزشتہ روز حتمی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا جس میں ان کی برق رفتار گیند نے بلے بازوں کو پریشان تو کیا ہی ساتھ ساتھ کرکٹ مداحوں اور سلیکٹرز کی بھی توجہ حاصل کی۔

دراصل عُمران ملک کا تعلق جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر سے ہے اور انہیں ٹی نٹراجن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سن رائزرس حیدرآباد کے اس فاسٹ بالر نے آئی پی ایل ڈیبیو میچ میں ہی اپنی تیز رفتار گیند سے سب کے دل جیت لیے ہیں۔گزشتہ روز کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف میچ میں اس کشمیری گیند باز نے 151.03 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ایک گیند بھینکی تھی جو آئی پی ایل 2021 میں کسی بھی بھارتی گیند باز کی جانب سے اب تک کی تیز ترین گیند تھی۔

حالانکہ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز عُمران 150 کلومیٹر کا نشان چھونے والے پہلے بھارتی نہیں ہیں۔اس سے قبل جواگل سریناتھ، ورون ارون اور جسپریت بمراہ 150 یا اس سے زیادہ اسپیڈ سے گیند پھینک چکے ہیں لیکن عُمران کی گیند بازی میں الگ ہی کشش ہے۔

عُمران نے جموں و کشمیر ٹیم کی جانب سے محض دو ہی میچ کھیلے ہیں۔ حالانکہ انہیں آئی پی ایل کے آخری میچوں میں اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ملا لیکن انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں ایسی چھاپ چھوڑی کہ ہر کرکٹ مداح کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔

عُمران ملک کا آئی پی ایل تک کا سفر آسان نہیں رہا۔ عمران کے والد عبدالملک پھلوں اور سبزیوں کی دکان چلاتے ہیں۔ عمران نے اپنے کیریئر کا آغاز چار سال قبل گُجر نگر سے شروع کیا تھا۔ جب وہ کبھی کبھار رات کو ٹینس بال کرکٹ کھیلنے جاتے تو ان کے والد اپنے بیٹے کے پیچھے چلتے تھے کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ کہیں عُمران غلط راستے پر نہ چلا جائے۔

عُمران ملک جموں میں انڈر 19 ٹرائل کے لیے گئے اور پھر انہیں جموں و کشمیر ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا۔ انہیں جموں و کشمیر کے تجربہ کار کرکٹر پرویز رسول اور کوچ عرفان پٹھان نے قریب سے دیکھا ہے جو پورے خطے میں ٹیلنٹ کی تلاش میں ہیں۔

عُمران کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ بہت سے کھلاڑی اس کی گیند کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں کہ تیز گیند سے کہیں وہ زخمی نہ ہو جائیں اور عُمران کی اسی تیز رفتار گیند بازی نے سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤںڈر اور جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کے کے سرپرست عرفان پٹھان بھی عُمران سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔

عرفان پٹھان کہتے ہیں کہ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف میچ میں عُمران کی گیند بازی کے دوران جس طرح وکٹ کیپر گیندوں کو پکڑ رہا تھا آپ گیند کی رفتار کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

دوران میچ عرفان پٹھان نے کمنٹری میں کہا تھا کہ عُمران کی گیند بازی صلاحیت واقعی لاجواب ہے اور انہوں نے عُمران کی گیند بازی میں سُدھار کروایا ہے اور اگر اسے مواقع ملے تو وہ دن دور نہیں جب کشمیر کا یہ گیند باز عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرے گا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details