کولکاتا:ہیری بروک (ناٹ آؤٹ 100) کی طوفانی سنچری اور تیسرے وکٹ کے لیے کپتان ایڈن مارکم (50) کے ساتھ 72 رن کی شراکت کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 23 رن سے شکست دے دی۔ ایڈن گارڈن گراؤنڈ پر سن رائزرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چار وکٹوں پر 228 رن بنائے جس کے جواب میں کولکتہ سات وکٹوں پر 205 رن ہی بنا سکی۔ سن رائزرز کی جیت میں انگلینڈ کے اسٹائلش بلے باز ہیری بروک کا اہم کردار رہا جنہوں نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ بروک نے صرف 55 گیندوں میں 12 چوکے اور تین چھکے کی مدد سے سنچری مکمل کی ۔ سن رائزرس کے اسکور کا تعاقب کرنے والی کولکتہ نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد سنبھل کر کھیلنا شروع کیا۔ کپتان نتیش رانا (75) ایک سرے پر ڈٹ کر مہمان گیند بازوں کا ہمت سے سامنا کیا اور دوسرے سرے پر رنکو سنگھ (58 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ 69 رن کی مفید شراکت داری کی۔
ہدف کی طرف گامزن اس تیز رفتار شراکت داری کو ٹی نٹراجن نے توڑا جب رانا واشنگٹن سندر کے ہاتھوں ڈیپ کور پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے باوجود رنکو کا شعلہ بیان انداز نہیں بدلا اور انہوں نے ایک بار پھر چار چوکے اور چار چھکے لگا کر اپنی افادیت ثابت کر دی۔ رانا نے 41 گیندوں میں پانچ چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ ان دونوں کے علاوہ کولکتہ کی جانب سے صرف نارائن جگدیسن (36) رن بنا سکے لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ اس سے قبل کپتان رانا نے بروک کو آؤٹ کرنے کے لیے اپنے سات گیند بازوں کو آزمایا لیکن یہ سب گراؤنڈ پر رن کی بارش روکنے میں بے بس نظر آئے۔ دو وکٹیں گرنے کے بعد کریز پر آنے والے مارکم نے بروک کا بھرپور ساتھ دیا جو دوسرے اینڈ پر شاندار انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے۔