موہالی: رنکو سنگھ کے پانچ چھکوں کی کہانی کو بھول کر گجرات ٹائٹنز اگلے میچ میں پنجاب کنگز سے دو دو ہاتھ کرنے موہالی پہنچ گئی ہے۔ اس وقت دونوں ٹیمیں اب تک کھیلے گئے 3-3 میچوں میں سے دو دو میچ جیت چکی ہیں۔ جب کہ دونوں ٹیموں کو ایک ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جہاں پنجاب کنگز کو آخری میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ وہیں گجرات ٹائٹنز کولکاتا نائٹ رائیڈرز سے ہارنے کے بعد اگلے میچ کے لیے موہالی پہنچی ہے۔
ابتدائی دو جیت کے بعد دونوں ٹیمیں آخری میچز ہار چکی ہیں۔ اس میچ میں پنجاب کنگز اپنے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھانا چاہیں گی اور میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر کرنا چاہیں گی۔ اس کے ساتھ ہی گجرات ٹائٹنز اپنی ٹیم کو جیت کے ٹریک پر لانے کی کوشش کرے گی۔ اس کے پہلے سال 2022 میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچ کھیلے جا چکے ہیں جس میں گجرات ٹائٹنز نے پہلا میچ 6 وکٹوں سے جیتا تھا جب کہ پنجاب کنگز نے دوسرا میچ 8 وکٹوں سے جیت کر اپنا بدلہ لے لیا تھا۔
طویل انتظار کے بعد لیام لیونگسٹون آخر کار پنجاب جوائن کر چکے ہیں اور نیٹ میں ٹریننگ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ گجرات کے خلاف میچ میں کھیلیں گے۔ اس کے ساتھ ہی گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا کسی وجہ سے گزشتہ میچ میں نہیں کھیلے تھے، لیکن وہ اس میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ کپتان ہاردک پانڈیا پرپل کیپ کے لیے اپنے بلے سے کمال دکھا سکتے ہیں۔ آئی پی ایل میں شاندار بلے بازوی کرتے ہوئے شیکھر دھون بلے بازوں میں سر فہرست ہیں۔