کولکاتہ: آئی پی ایل 2023 میں آج کھیلے جانے والے 56ویں میچ میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کا ایڈن گارڈنز کے میدان پر راجستھان رائلز سے مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔ یہ میچ جیتنے والی ٹیم تیسری یا چوتھی پوزیشن پر پہنچ سکتی ہے اور پلے آف میں جانے کا دعویٰ مضبوط کر سکتی ہے۔ پلے آف کی دوڑ میں رہنے کے لیے دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔ وہیں سنجو اپنے 150ویں آئی پی ایل میچ کو یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ راجستھان رائلز نے اب تک 11 میچ کھیلے ہیں، جس میں اسے 6 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جب کہ اسے صرف 5 میچوں میں ہی کامیابی ملی ہے۔ ایسے میں راجستھان رائلز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں 10 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ دوسری جانب کولکاتہ نائٹ رائیڈرز 11 میچوں میں 5 جیت اور 6 ہار کے ساتھ 10 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ ایسے میں آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے کرو یا مرو کی صورتحال ہے۔ اگر کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم آج کے میچ میں جیت جاتی ہے تو وہ چوتھی پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔ دوسری طرف، اگر راجستھان رائلز جیت جاتی ہے، تو وہ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گی، کیونکہ اس کا رن ریٹ ممبئی انڈینز سے بہتر ہے۔