نئی دہلی:ڈیوڈ وارنر کی دہلی کیپٹلس منگل کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس سے مقابلہ کرتے ہوئے 2023 انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن میں اپنی پہلی جیت کی تلاش میں ہوگی۔ ممبئی کو اپنے پہلے دو میچوں میں بھی شکست ہوئی ہے لیکن اس کے کچھ کھلاڑی مختلف اوقات میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ دوسری طرف دہلی شکست کی ہیٹ ٹرک کر چکی ہے اور خراب فارم اور چوٹ کے خدشات سے دوچار ہے۔ اوپنر پرتھوی شا اب تک کے تین میچوں میں تیز گیند بازوں کو پڑھنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے ساتھی ڈیوڈ وارنر نے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، لیکن ان کا خراب اسٹرائیک ریٹ دہلی کی شکست کی وجہ بن سکتا ہے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے مچل مارش ذاتی وجوہات کی بنا پر کچھ عرصے کے لیے آسٹریلیا واپس لوٹ گئے ہیں۔ دہلی نے آخری میچ میں ان کی جگہ منیش پانڈے کو بلے بازی کے لیے لایا لیکن وہ بھی صفر رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
درمیانی اووروں میں رن ریٹ میں اضافہ دہلی کی سب سے بڑی پریشانی رہی ہے۔ اس سیزن میں فرنچائز میں شامل ہونے والے ریلی روسو اب تک کوئی قابل ذکر کردار ادا نہیں کر سکے۔ نوجوان وکٹ کیپر بلے باز ابھیشیک پوریل نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف اپنے ڈیبیو پر جارحانہ انداز دکھایا، حالانکہ انہیں وکٹ پر تھوڑا اور وقت گزارنا پڑے گا۔ دہلی کے بلے باز جہاں بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے ہیں وہیں گیند باز بھی مخالف ٹیم پر دباؤ نہیں بنا پائے ہیں۔ اگرچہ دہلی کسی نہ کسی طرح درمیانی اووروں میں رن ریٹ کو کنٹرول کر سکتا ہے، لیکن آخری اووروں میں ان کی گیند بازی کی کمزوریاں واضح ہو جاتی ہیں۔ فاسٹ بولر خلیل احمد ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ممبئی کے خلاف میچ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ اگر خلیل میچ سے پہلے پوری طرح فٹ نہیں ہوتے ہیں تو دہلی ان کی جگہ چیتن سکاریا کو الیون میں شامل کرسکتا ہے۔