نئی دہلی: آئی پی ایل 2023 میں کھلاڑیوں کی چوٹ تمام ٹیموں کے لیے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ اب رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) کے ٹاپ آرڈر بلے باز رجت پاٹیدار ٹخنے کی انجری کی وجہ سے پورے آئی پی ایل سیزن سے باہر ہو گئے ہیں، جس سے ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ 29 سالہ پاٹیدار گزشتہ برس RCB کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، انہوں نے 8 میچوں میں 55.50 کی اوسط سے دو نصف سنچریوں کے ساتھ 333 رنز بنائے۔ انہوں نے کوالیفائر 1 میں آئی پی ایل میں بھارتی بلے باز کے ذریعہ تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا۔
آر سی بی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ 'بدقسمتی سے رجت پاٹیدار ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل 2023 سے باہر ہو گئے ہیں'۔ ہم رجت کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں اور اس عمل کے دوران ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ کوچ اور ٹیم انتظامیہ نے ابھی تک ان کے متبادل کھلاڑی کے نام پر کوئی اعلان نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاٹیدار آر سی بی کیمپ میں شامل ہونے سے پہلے انجری کا شکار ہو ئے تھے، لیکن ابتدائی طور پر خیال کیا جاتا تھا کہ وہ کم از کم آئی پی ایل کے ابتدائی مچیوں کے بعد تک دستیاب ہوں گے۔ تاہم ان کے باہر ہونے سے ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔