لکھنؤ:رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے درمیان پیر کو ایک زبردست مقابلہ ہوا۔ اس کم اسکور والے میچ میں آر سی بی نے لکھؤ کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ لیکن یہ میچ ایک اور وجہ سے سرخیوں میں آ گیا۔ میچ کے بعد وراٹ کوہلی اور گوتم گمبھیر کے درمیان سخت بحث دیکھنے کو ملی۔ حالنکہ گوتم گمبھیر اور وراٹ کوہلی کے درمیان اس سے پہلے بھی میدان میں بحث ہو چکی ہے۔ گمبھیر اور کوہلی تقریباً 10 سال قبل بنگلورو اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے میچ کے دوران آپس میں بِھڑ گئے تھے۔ وہیں میچ کے دوران ایل ایس جی کے بولر نوین الحق اور کوہلی کے درمیان کچھ بحث ہوئی۔
وہیں میچ کے بعد وراٹ کوہلی اور کائل میئرز بات کرتے نظر آئے۔ اسی درمیان گوتم گمبھیر آئے اور کائل میئرز کو کوہلی سے بات کرنے سے روکتے ہوئے اپنے ساتھ لے جانے لگے۔ ویڈیو کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جب گمبھیر میئرز کو لے جا رہے تھے تو پیچھے سے کسی نے ان سے کچھ کہا۔ جس کے بعد گمبھیر جارحانہ انداز میں کوہلی کی طرف بڑھے۔ وہ مسلسل کچھ کہہ رہے تھے۔ زخمی کپتان کے ایل راہل سمیت ایل ایس جی کے کئی کھلاڑیوں نے انہیں روکا۔ تاہم، کوہلی گمبھیر کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ لیکن بات چیت جلد ہی جھگڑے میں بدل گئی۔ بتا دیں کہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوہلی کی 17ویں اوور میں نوین کے ساتھ گرما گرم بحث ہوئی۔ جس میں امیت مشرا اور ایک امپائر کو مداخلت کرنا پڑی۔