احمد آباد: آئی پی ایل کے 16ویں سیزن کا فائنل میچ چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس میچ سے پہلے چنئی کے شائقین کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سی ایس کے ٹیم کے کھلاڑی امباتی رائیڈو نے اس میچ کے بعد آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ رائیڈو نے اتوار کو ٹویٹ کیا، "دو عظیم ٹیمیں، ایم آئی (ممبئی انڈینز) اور سی ایس کے (چنئی سپر کنگز)، 203 میچ، 14 سیزن، 11 پلے آف، آٹھ فائنل، پانچ ٹرافیاں۔ امید ہے چھٹی جیتیں گے۔ یہ سفر کافی شاندار رہا ہے۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آئی پی ایل 2023 کا فائنل میرا آخری میچ ہونے جا رہا ہے۔ مجھے یہ عظیم ٹورنامنٹ کھیل کر بہت اچھا لگا۔ آپ سب کا شکریہ۔" رائیڈو نے اس سے قبل 2022 میں ایک ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، لیکن چنئی سپر کنگز کی انتظامیہ سے بات چیت کے بعد انہوں نے فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
رائیڈو نے 203 آئی پی ایل میچ کھیل کر 4329 رنز بنائے جس میں ایک سنچری شامل ہے۔ انہوں نے کچھ وقت کے لئے ممبئی انڈینزمیں وکٹ کیپر کا کردار بھی ادا کیا تھا۔ ٹورنامنٹ میں ان کی بہترین کارکردگی 2018 میں سامنے آئی جب انہوں نے تقریباً 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے 602 رنز بنائے تھے۔ بتا دیں کہ امباتی رائیڈو نے سال 2010 میں کھیلے گئے آئی پی ایل سیزن میں ڈیبیو کیا تھا۔ چنئی سپر کنگز کے علاوہ رائیڈو بھی آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں۔ رائیڈو اس سیزن میں 11 اننگز میں 15.44 کی اوسط سے صرف 139 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ رائیڈو کا اس سیزن میں سب سے زیادہ اسکور 27 رنز رہا ہے۔