نئی دہلی:جیو سنیما کے ذریعہ کی جارہی ڈیجیٹل اسٹریمنگ، ٹی وی پر اسٹار اسپورٹس کے مقابلہ تین گنا زیادہ آئی پی ایل ناظرین تک پہنچ رہی ہے، اسکور رپورٹ کے مطابق، ڈیجیٹل اسٹریمنگ 73 فیصد آئی پی ایل ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے، وہیں کیبل اور ڈی ٹی ایچ کے پاس صرف 27 فیصد ناظرین ہی بچے ہیں۔ آئی پی ایل میں اشتہارات کے اثرات کو جانچنے کے لیے سنکرونائز انڈیا اور یونومر کی رپورٹ 'اسکور' میں یہ بات سامنے آئی ہے۔
'اسکور' رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اسمارٹ ٹی وی پر آئی پی ایل کو دیکھنے والوں کی تعداد کیبل یا ڈی ٹی ایچ سے کہیں زیادہ ہے۔ آئی پی ایل کو 62 فیصد ناظرین نے کنیکٹڈ ٹی وی اور صرف 38 فیصد کیبل/ڈی ٹی ایچ پر دیکھا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹی وی پر کل ناظرین کی کل تعداد میں بھی مسلسل کمی آرہی ہے۔ ناظرین کے آئی پی ایل دیکھنے کے انداز میں بھی دلچسپ تبدیلیاں آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 52% لوگ آئی پی ایل کو ٹی وی اور موبائل دونوں پر دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ 30 فیصد ناظرین ایسے ہیں جو صرف موبائل پر آئی پی ایل دیکھتے ہیں اور صرف 18% اب بھی ٹی وی سے چپکے ہوئے ہیں۔