دبئی: آسٹریلیائی تیز گیند باز مچل اسٹارک کو انڈین پریمیئر لیگ 2024 کی نیلامی کے دوران کولکتہ نائٹ رائیڈرز (KKR) نے 24.75 کروڑ روپے میں خرید کر سب حیران کردیا۔ اس کے ساتھ اسٹارک اپنے ہی کپتان پیٹ کمنز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ کمنز کو سن رائزرز حیدرآباد نے اسی آکشن میں 20.50 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اب آئی پی ایل کی تاریخ میں اسٹارک اور کمنز کے بعد سیم کرن تیسرے سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔
اسٹارک 2 کروڑ روپے کی بنیادی قیمت کے ساتھ نیلامی میں شامل ہوئے تھے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کو خریدنے کے لیے پہلے ممبئی انڈینز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان بولی شروع ہوئی لیکن بعد میں یہ بولی کی جنگ کولکاتہ اور گجرات کے طرف چلی گئی اور اخیر تک اس کھلاڑی کو خریدنے کے لیے انھیں کے درمیان جنگ جاری رہی یہاں تک کہ اسٹارک نے کمنز کے ریکارڈ کو توڑ دیا اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے انھیں 24.75 کروڑ روپے میں خرید کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔