لکھنؤ: دہلی کیپٹلس کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے لکھنؤ سپر جائنٹس کے ہاتھوں 50 رن کی شکست کے بعد اعتراف کیا کہ انہیں خراب فیلڈنگ کی وجہ سے میچ میں شکست کا سامنا کرناپڑا۔ پونٹنگ نے ہفتہ کومیچ کے بعد کہا، 'سچ پوچھیں تو مجھے لگتا ہے کہ انہیں جتنے رن بنانے چاہیے تھے انہوں نے اس سے زیادہ رن بنائے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہم نے آج اچھا مظاہرہ کیا۔ پہلے چار اوورز کے بعد ہماری فیلڈنگ واقعی خراب تھی۔'
دہلی کو سب سے زیادہ نقصان کائل میئرز کا کیچ چھوڑنے سے ہوا۔ میئرز 15 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کھیل رہے تھے جب چھٹے اوور میں چیتن سکاریا کی گیند پر خلیل احمد نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ سلامی بلے باز نے اس کے بعد اننگ کی رفتار بدلتے ہوئے اگلی 23 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور 73 رنز پر اننگ ختم کی۔ اس کے نتیجے میں سپر جائنٹس نے پاور پلے کے بعد ایک وکٹ پر 30 رن ہونے کے باوجود 20 اوورز میں 193 رنز بنائے۔پونٹنگ نے کہا، 'ہم نے چند مواقع گنوا دئیے۔ میدان میں کچھ غلطیاں ہوئیں۔ ایک کیچ جو ہم نے چھوڑا وہ میئرز کا تھا، جنہوں نے اس کے بعد کافی رنز بنائے اور ہمیں کھیل میں پیچھے دھکیل دیا۔'
انہوں نے کہا، آئی 'پی ایل میں چانس دینے کا مطلب ہے کہ آپ ایک بہت اچھے کھلاڑی کو دوسرا موقع دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس کا فائدہ اٹھایا۔ اس کے بعد سے انہوں نے زیادہ تر اچھے شاٹس کھیلے۔ انہوں نے ہماری اسپن بولنگ پر بھی حملہ کیا، اس لیے وہ ہمارے لیے ایک اچھا سبق تھا۔' میئر کی بہترین اننگ کی مدد سے دہلی نے آخری 14 اوور میں 163 رن لٹا دئے۔ غورطلب ہے کہ لکھنؤ نے اپنی اننگ میں 16 چھکے اور صرف پانچ چوکے لگائے۔ پونٹنگ نے کہا کہ لکھنؤ کی پچ ایسی نہیں تھی جہاں 190 سے زیادہ رنز بنائے جا سکیں۔