ممبئی نے آخری پانچ اوورز میں 89 رنز بناتے ہوئے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز کا بڑا اسکور کیا جس کے دباؤ میں پنجاب کی ٹیم ایک بار بھی میچ میں نہیں دکھائی دی اور وہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 143 رن ہی بنا سکی۔
روہت نے 45 گیندوں میں 70 رنز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے جبکہ پولارڈ نے 20 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 47 میں تین چوکے اور چار چھکے لگائے اور پانڈیا نے 11 گیندوں میں ناقابل شکست 30 رنز میں تین چوکے اور دو چھکے مارے۔
اس سے قبل پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کپتان روہت شرما کی 70 رنز کی دھماکہ خیز نصف سنچری اننگز اور کیرون پولارڈ کی ناقابل شکست 47 اور ہاردک پانڈیا کے ناقابل شکست 30 رنز کی بدولت دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز نے جمعرات کو مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز کا بڑا اسکور بنایا تھا۔
پنجاب نے ٹاس جیت کر ممبئی کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی اور خود بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ممبئی کی ٹیم چھ اوورز کے پاور پلے میں دباؤ میں رہی اور اس دوران اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر 41 رن بنائے لیکن اس کے بعد روہت نے اپنے ہاتھ کھولے اور آئی پی ایل میں اپنی 38 ویں نصف سنچری مکمل کی۔ آخری اوورز میں پولارڈ اور پانڈیا نے پنجاب کے گیند بازوں کی جم کر دھنائی کرتے ہوئے چوکے اور چھکے اڑائے۔
جلدی جلدی دو وکٹیں گنوا دینے کے بعد کپتان روہت شرما اور ایشان کشن نے سمجھداری سے بیٹنگ کی اور ممبئی کو پاور پلے کے بعد بڑے اسکور تک لے گئے۔ اس عمل کے دوران روہت آئی پی ایل میں 5000 رنز عبور کرنے والے وراٹ کوہلی اور سریش رینا کے بعد تیسرے بلے باز بن گئے۔
کوہلی (5430 آئی پی ایل رنز) سب سے تیزی سے 5000 رنز کے سنگ میل کو عبور کرنے والے بلے باز ہیں، انہوں نے 157 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ رینا (5368 آئی پی ایل رنز) اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں ،انہوں نے 5000 رنز مکمل کرنے میں 173 اننگز کھیلی۔ اس فہرست میں تازہ ترین داخلہ روہت نے 187 آئی پی ایل اننگز کھیل کر حاصل کیا ہے۔
روہت نے اننگز کے 16 ویں اوور میں جیمس نیشام کی گیندوں پر 4،4،6،6 کی مدد سے 22 رنز جوڑے لیکن وہ محمد سمیع کی گیند کو باؤنڈری پار بھیجنے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔