ممبئی انڈینز کے 209 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سن رائیزرس حیدر آباد کی شروع ٹھیک تھی اور پہلے وکٹ کے لیے کپتان ڈیوڈ وارنر اور جانی بیرسٹو نے 34 رنز کی پارٹنرشپ کی لیکن وہ اس پارٹنرشپ کو بڑی شراکت میں تبدیل نہیں کرسکے اور بیرسٹو 25 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
تیسرے نمبر پر منیش پانڈے بلے بازی کرنے آئے۔ انہوں نے وارنر کے ساتھ مل کر دوسرے وکٹ کے لیے 60 رنز کی پارٹنرشپ کی لیکن بدقسمتی ہے منیش پانڈے بڑا شاٹ کھیلنے کے چکر میں پولارڈ کو کیچ تھما بیٹھے، پانڈے نے 19 گیندوں میں 30 رنز بنائے۔
اس کے بعد کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹک سکا اور وقفہ وقفہ سے وکٹ گرتے رہے۔ گزشتہ میں شاندار بلے بازی کرنے والے کین ولیمسن اس میچ میں محض 3 رنز ہی بنا سکے، اس کے علاوہ پریم گرگ نے 8 رنز، ابھیشیک شرما نے 10 اور عبدالصمد نے 20 رنز بنائے۔
کپتان ڈیوڈ وارنر نے ایک جانب سے محاذ سنبھالے رکھا لیکن دوسرا کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہیں دے سکا۔ وارنر نے اکیلے مزاحمت کرتے ہوئے 44 گیندوں میں 60 رنز بنائے۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، جیمس پیٹنسن اور جسپریت بمراہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرونال پانڈیا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے تھے۔