آئی پی ایل سیزن 13 کے 12 ویں مقابلے میں آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں راجستھان رائلز کا مقابلہ دو بار کی چیمپیئن کولکتہ نائٹ رائڈرز سے ہوگا۔ راجستھان نے اپنے آخری میچ میں تاریخ قائم کی۔ راجستھان نے کنگز الیون پنجاب کے خلاف 224 رنز کا تعاقب کیا تھا اور اس نے 226 رنز بناکر آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کی تھی۔
اس میچ میں سنجو سیمسن اور کپتان اسٹیو اسمتھ نے نصف سنچری اننگ کھیلی۔ سیمسن نے 42 گیندوں پر 85 رنز بنائے تھے اور کپتان اسمتھ نے 27 گیندوں پر 50 رنز بنائے تھے۔ راہل تیوتیا نے 18 ویں اوور میں پانچ چھکے لگا کر ٹیم کو جیت دلائی۔ اس میچ میں ایک بار پھر سب کی نگاہ سیمسن اور تیوتیا پر ہوگی۔
سیمسن نے دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میں نصف سنچری بنائے ہیں۔ پنجاب کے خلاف کھیلی گئی اننگز کے بعد ان کی بے حد تعریف کی جارہی ہے۔ سیمسن اور سمتھ فارم میں ہیں۔ جوس بٹلر نے پہلے میچ میں صرف چار رنز بنائے۔ اس میچ پر بٹلر اور رابن اتھپا کی بھی نگاہ رنز بنانے پر ہوں گی۔ بیٹنگ میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
راہل تیوتیا کو راجستھان کی ٹیم انتظامیہ نے انہیں پنجاب کے خلاف اتھپا سے پہلے بھیجا تھا۔ اتھپا کو کولکتہ کے خلاف پہلے بھیجا جاسکتا ہے۔ یقینی طور پر ٹیم بولنگ میں تبدیلیاں لا سکتی ہے۔ یہاں انکیت راجپوت کو باہر بھیجا جاسکتا ہے جو آخری میچ میں بہت مہنگا ثابت ہوئے۔ باقی جوفرا آرچر کا کھیلنا طے ہے۔ پچھلے دونوں میچوں میں آرچر نے بلے سے بھی ٹیم میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ سی ایس کے کے خلاف آخری اوور میں چار چھکے اور پھر پنجاب کے خلاف دو چھکے لگائے۔