جمعہ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ کے دوران سن رائزرس حیدرآباد کے تیز گیند باز بھونیشور کمار ہِپ انجری کے سبب انڈین پریمیئر لیگ کے 13 ویں ایڈیشن سے باہر ہو گئے ہیں۔
ٹیم ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ تیز گیند باز بھونیشور کمار چوٹ کی وجہ سے لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
بھونیشور کا زخمی ہونا یقینی طور پر ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ہے کیونکہ وہ سن رائیزرس حیدر آباد کی تیز گیند بازی کی قیادت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھونیشور کمار چنئی سُپر کنگز کے خلاف 19 ویں اوور میں میدان سے باہر چلے گئے۔ حالانکہ انہوں نے گیند بازی کی کوشش کی تھی لیکن تکلیف بڑھنے کی وجہ سے وہ میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
میچ کے بعد سن رائیزرس حیدر آباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا تھا کہ وہ میدان میں ہونے کی وجہ سے چوٹ کی شدت سے متعلق زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن فزیو کی رپورٹ آنے کے بعد ہی صحیح بات معلوم ہوگی۔
اس کے بعد اتوار کے روز ممبئی انڈینز کے خلاف کھیل میں ٹاس جیتنے پر وارنر نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھونیشور کمار کچھ میچ نہیں کھیل سکیں گے لیکن انجری زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ پورے سیزن سے باہر ہوگئے ہیں۔