اسلام آباد: پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے درمیان چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انضمام الحق کا استعفیٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب ان پر مفادات کے تصادم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم کے انتخاب کے عمل سے متعلق میڈیا میں رپورٹ کیے گئے مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔کمیٹی اپنی رپورٹ اور کوئی بھی سفارشات پی سی بی انتظامیہ کو جلد پیش کرے گی۔
ایک پاکستانی میڈیا چینل میں گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے استعفے کی تصدیق کی اور کہا کہ جب مجھ پر الزامات لگے تو میں نے بورڈ سے بات کی تھی اور کہا تھا کہ اگر کوئی شک ہے تو اس پر انکوائری ہونی چاہیے۔ جس کے بعد بورڈ نے مجھے بتایا کہ ہم نے 5 رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔ تو میں نے بہتر سمجھا کی تحقیقیات مکمل ہونے تک مستعفی ہوجاتا ہوں اور تمام چیزیں واضح ہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ دوبارہ بیٹھ جاؤں گا لیکن تب تک ہمیں انکوائری کے نتائج کا انتظار کرنا چاہیے۔