اسلام آباد:پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ اور انضمام کے معاملات طے پاگئے ہیں، وہ منگل کو ملتان جارہے ہیں جہاں وہ کپتان بابر اعظم ، ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن سے مل کرورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی ٹیم کو حتمی شکل دیں گے۔تاہم پی سی بی حکام کی سری لنکا سے واپسی پر ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔
ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے چیئرمین سلیکشن کمیٹی بننے کے لیے پی سی بی سے چار سال کا معاہدہ مانگا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی سے معاہدہ ختم اور میڈیا کے معاہدوں کو نظر انداز کیا ہے اس لیے مجھے 25لاکھ روپے کی تنخواہ دی جائے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے15لاکھ روپے دینے کی پیشکش کی تھی۔ رقم میں واضح فرق ہونے کے سبب ابھی تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے کہا ہے کہ اگر 18لاکھ روپےتنخواہ دی جاتی ہے تو پشاور زلمی اور ٹیلی ویژن پر کام کرنے کی اجازت دی جائے، پی سی بی نے یہ کیس مزید کارروائی کے لیے اپنے لیگل ڈپارٹمنٹ کے حوالے کردیا ہے۔