نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں بھی کیوی بلے باز کین ولیمسن کا طوطی سر چڑھ کر بول رہا۔ کین ولیمسن پاکستانی بولرز کے لیے اس وقت درد سر بن گئے جب انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کر لی، ساتھ ہی ہنری نکولس کے ساتھ مل کر چوتھے وکٹ کی شراکت میں 215 رنز بھی جوڑ چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی مسلسل دوسری سنچری - pak vs nz
نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی مسلسل دوسری سنچری، پاکستانی گیندباز بے بس، انتھک کوششوں کے بعد بھی پاکستانی گیندباز کوئی کارنامہ انجام دینے میں ناکام ہورہے ہیں۔
قبل ازیں کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کے اوپنرز کافی دیر تک پاکستانی بولرز کو پراعتماد انداز میں کھیلتے رہے۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب ٹام بلنڈل 16 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 52 تھا۔ اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا تو پاکستان کا پلڑا بھاری ہو گیا۔ لیتھم نے 33 رنز اسکور کیے۔
آٹھ اوورز بعد محمد عباس نے راس ٹیلر کو پویلین بھیجا تو نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی 71 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوچکے تھے۔ تاہم اس کے بعد کین ولیمسن نے ہنری نکولس کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور پاکستانی بولرز کی دھجیاں اڑادی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے تھے۔ جس میں اظہر علی 93 اور محمد رضوان 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔