بھارت کی ٹیم نے بدھ کے روز پہلا میچ پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔ سلامی بلےباز روہت شرما اور لوکیش راہل نے انتہائی جارحانہ آغاز کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو پہلے پانچ اوور میں 50 تک پہنچا دیا۔ تاہم، جیسے ہی کیوی کپتان ٹم ساؤتھی نے چھٹے اوور میں مشل سینٹنر کو گیند سونپی، راہل پہلی ہی گیند پر اسکوائر لیگ باؤنڈری لائن پر کھڑے فیلڈر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔
سوریہ کمار تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور انہوں نے 62 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ روہت اور سوریا نے 49 گیندوں میں 59 رنز کی شراکت داری کی۔ 14ویں اوور میں روہت کو شارٹ فائن لیگ پر ایک دھیمی شارٹ پچ گیند پر کیچ آوٹ کردیا۔
اس کے بعد سوریا نے تیزی سے رنز بنائے۔ 17 ویں اوور میں سوریا کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ دلچسپ ہو گیا لیکن آخری اوور میں نیوزی لینڈ کے کوئی بھی اہم گیند باز 10 رن کا دفاع کرنے کے لیے دستیاب نہیں تھا کیونکہ تمام فرنٹ لائن گیند بازوں کے اسپیل ختم ہوچکے تھے ۔ رشبھ پنت نے ڈیرل مشل کی چوتھی گیند پر چوکا لگا کر ہندوستان کی جیت کو جھولی میں ڈال دیا۔
اس سے قبل بھارتی گیند بازوں نے اس میچ میں شاندار واپسی کی اور مہمان ٹیم کو بڑا سکور بنانے سے روک دیا۔ جے پور کی پچ پر بھارتی گیند بازوں نے اچھی سوئنگ کی۔ بھونیشور کمار نے جس انداز میں ڈیرل مشل کو ان سوئنگ گیند پر پہلے ہی اوور میں بولڈ کیا وہ قابل تعریف تھا۔