لوزان:آئی او سی نے ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ کے بعد ایک بیان جاری کیا، جس میں اس نے آئی او سی سے بھی کہا ہے کہ وہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) سے متعلق مسئلہ کا حل تلاش کرے۔ آئی او اے نے ایک بیان میں کہا، "ہندوستان کی این او سی (نیشنل اولمپک کمیٹی) کو کئی مواقع پر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ این او سی کے آئین کے مطابق بغیر کسی تاخیر کے نئے سی ای او/ سیکرٹری جنرل کی تقرری مکمل کرے، تاکہ اندرون ملک حالات کو معمول پر لایا جا سکے۔ بدقسمتی سے این او سی نے ابھی تک یہ عمل مکمل نہیں کیا ہے،‘‘ بیان میں کہا گیا کہ آئی او سی اس مسئلے کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔"
آئی او سی نے آئی او اے سے بھی کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی کھیلوں کی فیڈریشن یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) کے ساتھ مل کر ڈبلیو ایف آئی کو متاثر کرنے والے مسائل کو حل کرے۔ واضح رہے کہ اولمپک میڈلسٹ پہلوان بجرنگ پونیا، ساکشی ملک اور ایشین گیمز کی چیمپئن ونیش پھوگٹ سمیت ہندوستان کے چوٹی کے پہلوانوں نے گزشتہ ماہ نئی دہلی کے جنتر منتر پر سبکدوش ہونے والے ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔ دہلی پولیس نے 29 مئی کو پہلوانوں کو حراست میں لے کر احتجاج ختم کیا، جس کے بعدیو ڈبلیو ڈبلیونے ہندوستانی ریسلنگ کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا۔
مشتعل پہلوانوں کا الزام ہے کہ برج بھوشن نے خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔آئی او سی نے کہا، "ہندوستان کے این او سی سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ بین الاقوامی فیڈریشنوں کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ ہندوستانی کھیلوں کی فیڈریشنوں کو متاثر کرنے والے بہت سے موجودہ مسائل کو مربوط انداز میں اور متعلقہ بین الاقوامی فیڈریشنوں کے قوانین اور ہدایات کے مطابق حل کیا جا سکے۔ اس میں خاص طور پر ہندوستان میں ریسلنگ فیڈریشن کی پوزیشن شامل ہے۔
اس سال مارچ میں بھی آئی او سی نے سی ای او کی تقرری میں آئی او اے کی طرف سے تاخیر کی نشاندہی کی تھی۔ آئی او سی کے منظور کردہ نئے آئین کے مطابق، آئی او اے کو نئی ایگزیکٹو کونسل کے اقتدار سنبھالنے کے ایک ماہ کے اندر ایک سی ای او کا تقرر کرنا تھا، جو سابق سیکرٹری جنرل کے فرائض سرانجام دے گا۔ سابق اسپرنٹر پی ٹی اوشا کی سربراہی میں آئی او اے کونسل نے 10 دسمبر کو اپنا عہدہ سنبھالا، لیکن سات ماہ سے زیادہ گزرنے کے باوجود، سی ای او کی تقرری ابھی باقی ہے۔