دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ، ہم وطن خاتون کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ڈیانا ایڈولجی اور سری لنکا کے بلے باز اروندا ڈی سلوا کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا ہے۔ آئی سی سی نے پیر کو تینوں کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں بطور ممبر شامل کرنے کا اعلان کیا۔ ان تینوں کھلاڑیوں کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بدھ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل سے پہلے اس اعزاز سے سرفراز کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ڈیانا ایڈولجی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی بھارتی خاتون کرکٹر ہیں۔ اپنی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایڈولجی نے کہا ’’میں آئی سی سی ہال آف فیم 2023 کے لیے اپنا نام منتخب کرنے پر آئی سی سی اور جیوری کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ یہ کامیابی انجام دینے والی پہلی بھارتی خاتون کرکٹر بننا میرے لیے یقیناً بڑے اعزاز کی بات ہے۔ یہ نہ صرف میرے لیے، میرے خاندان، دوستوں کے لیے بلکہ بی سی سی آئی اور بھارتی خواتین کرکٹ کے لیے بھی فخر کی بات ہے۔‘‘
واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کی بالر ایڈولجی نے بھارت کے لیے 20 ٹیسٹ اور 30 ون ڈے کھیلے ہیں اور ان کے نام 107 بین الاقوامی وکٹ ہیں۔ اس کے بعد وہ ایک کامیاب کرکٹ ایڈمنسٹریٹر بھی بن گئیں اور وہ فی الحال ریٹائرڈ بھارتی خاتون کرکٹرز کے روزگار کے مواقع بڑھانے کے سلسلے میں کام کرتی ہیں۔ آئی سی سی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ’’ایڈولجی کی شراکت میدان سے باہر اس سے زیادہ رہی ہے اور انہوں نے دہائیوں کے دوران بھارت میں خاتون کی کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘
ان کے علاوہ دھماکہ خیز بلے باز وریندر سہواگ نے بھارت کے لیے 104 ٹیسٹ، 251 ون ڈے اور 19 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں۔ وہ 2007 ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011 ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی بھارت ٹیم کے اہم رکن بھی رہے تھے۔ سہواگ نے کہا کہ میں اس اعزاز کے لیے آئی سی سی اور جیوری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سہواگ کے نام کل 8586 ٹیسٹ رنز ہیں جن میں 23 ٹیسٹ سنچریاں شامل ہیں۔ وہ ٹیسٹ میچوں میں ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے بھارتی بلے باز ہیں۔