ڈومینیکا:بھارت کے تجربہ کار اسپنر روی چندرن اشون کی کرشمائی بولنگ کے بدولت بھارت نے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 141 رنز سے شکست دے دی۔ اشون نے پہلی اننگز میں 5 جبکہ دوسری اننگز میں 7 وکٹ لیے۔ روہت شرما کی قیادت والی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 141 رنز سے شکست دی۔ یہ اننگز اور رنز کے لحاظ سے ایشیا سے باہر بھارت کی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل، یشسوی جیسوال ڈیبیو پر 150 رنز بنانے والے تیسرے بھارتی بن گئے۔ یشسوی جیسوال نے پہلی اننگ میں 171 رنز بنائے جس کے لیے انہیں پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یشسوی جیسوال (171) اور روہت شرما (103) کے درمیان ڈبل سنچری کی شراکت اور وراٹ کوہلی (76) کی نصف سنچری کی حصہ داری کے ساتھ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن جمعہ کے روز بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 421 رنز پر ڈکلیئر کی اور بعد ازاں ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں چائے کے وقت سے کچھ دیر قبل تک صرف 19 رنز پر 2 وکٹ سے میزبان ٹیم پر دباؤ بنایا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 150 رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا آغاز خراب رہا اور ٹی چندر پال دسویں اوور میں آٹھ رنز بنا کر جڈیجا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ کپتان بریتھویٹ (سات) کو روی چندرن اشون نے رہانے کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ تیسرے سیشن میں ٹرننگ پچ پر اشون اور بھی خطرناک ہو گئے۔ انہوں نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کو جیت دلانے میں کامیابی حاصل کی۔