نئی دہلی:کرکٹ ہمیشہ سے بھارت کا پسندیدہ کھیل رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ لیکن آج کے دور میں بھارتی خواتین ٹیم نے کرکٹ میں اپنی ایک اچھی خاصی شناخت بنالی ہے۔ خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی اپنی بہتر کارکردگی کے بل بوتے پر شائقین کے دلوں میں جگہ بنا رہی ہیں۔ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی ایک ایسی ہی کھلاڑی اسمرتی سری نواس مندھانا ہے، جسے پوری دنیا اسمرتی مندھانا کے نام سے جانتی ہے۔ اس خاتون کھلاڑی نے ڈبل سنچری بنانے والی پہلی بھارتی خاتون کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اسمرتی مندھانا 18 جولائی 1996 کو مہاراشٹر میں ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق مارواڑی برادری سے ہے۔ ان کے والد سری نواس مندھانا اور والدہ سمیتا مندھانا ہیں۔ صرف دو برس کی عمر میں، اسمرتی اپنے خاندان کے ساتھ مادھو نگر، سانگلی، مہاراشٹر میں منتقل ہوئیں۔
اسمرتی کی تعلیم سانگلی میں ہی مکمل ہوئی۔ انکی کرکٹ میں دلچسپی کی ایک وجہ ان کے والد اور بھائی تھے۔ دونوں ضلعی سطح کے کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ بچپن سے ہی اپنے بھائی کو کرکٹ کھیلتے دیکھ کر اسمرتی کے ذہن میں بھی کرکٹ میں دلچسپی پیدا ہونے لگی۔اس کے بعد انہوں نے اپنا کریئر اسی میں بنانے کا فیصلہ کیا۔ اسمرتی نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز صرف نو سال کی عمر میں کیا ۔ انہیں اس سمت میں پہلی اہم کامیابی اس وقت ملی جب وہ انڈر 15 کے لئے منتخب ہوئیں۔ اس کے بعد اسمرتی نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اس کے کیریئر میں ایک اہم موڑاس وقت آیا جب اسمرتی کو مہاراشٹرا انڈر 19 ٹیم کے لیے کھیلنے کا موقع ملا۔ گھریلو کرکٹ میں اسمرتی کی کارکردگی شروع سے ہی شاندار رہی ہے۔ بائیں ہاتھ سے بلے باز یاور دائیں ہاتھ سے آف بریک گیندبازی کرنے والی اسمرتی مندھانا اب تک برسبین ہیٹ ویمن، انڈیا گرین ویمن، انڈیا ویمن، مہاراشٹر ویمن، رائل چیلنجرز بنگلور ویمن، ساؤتھرن بریو(ویمن) سڈنی تھنڈر ویمن، ٹرائل بلیزرس اور ویسٹرن اسٹورم جیسی ٹیموں کے لئے کھیل چکی ہیں۔
اسمرتی 4ٹسٹ میچوں میں46.42 کی اوسط سے 325 رن بناچکی ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 127 ہے۔ ان میچوں میں انہوں نے ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ ایک روزہ 78 میچوں میں اسمرتی نے 42.83 کی اوسط سے 3084 رن بنائے ہیں۔ جس میں ان کی شاندار پانچ سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ان کا بہترین اسکور 135 ہے۔ ٹی 20 کے 119 میچوں میں انہوں نے 115 اننگز کھیل کر 2854 رن بنائے ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 87 رن ہے۔ اسمرتی مندھانا،ڈبل سنچری بنانے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں ۔انہوں نے یہ ڈبل سنچری انڈر 19 ٹیم میں کھیلتے ہوئے بنائی۔ جس میں انہوں نے 150 گیندوں پر 224 رنز بنائے۔ جو کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کسی خاتون کرکٹر نے ایک میچ میں 2 سنچریاں مکمل کی ہیں۔ اس کے بعد، اسمرتی نے سال 2016 میں ویمن چیلنجرز ٹرافی کھیلی اور انڈیا ریڈ کے لیے 3 نصف سنچریاں بنائیں۔ اسمرتی نے اس میچ میں کل 192 رنز بنائے۔
اسمرتی کا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر ان کے گھریلو کرکٹ کیریئر سے بہتر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز 2013 میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 کھیل کر کیا۔ سال 2014 میں ان کا دوسرا بین الاقوامی میچ انگلینڈ کے خلاف تھا۔ اسمرتی نے اس میچ میں کل 73 رنز بنائے۔ اور یہ میچ ہندوستانی ٹیم نے جیت لیا۔ اور 2016 میں اسمرتی نے بین الاقوامی میچ میں اپنی پہلی سنچری بنائی۔ سال2013 اسمرتی کے لیے ایک اہم سال تھا کیونکہ اس نے مہاراشٹر اور گجرات کے درمیان میچ میں صرف 154 گیندوں میں 224 رنز بنائے تھے۔ اسمرتی اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے اخبار کی سرخیوں میں چھائی رہیں۔ اس طرح اسمرتی کو ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والی ملک کی پہلی خاتون کرکٹر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس کے بعد بھی ان کا شاندار کھیل جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ICC Women's Cricketer of the Year: اسمرتی مندھانا سال کی بہترین خاتون کرکٹر منتخب