بھونیشور:ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری کے 87 ویں بین الاقوامی گول اور لالیانزوالا چھانگٹے کے گول کی بدولت ہندوستان نے اتوار کی رات کالنگا اسٹیڈیم میں انٹرکانٹینینٹل کپ کے فائنل میں لبنان کو 2-0 سے شکست دی۔
اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے اس کامیابی پر ہندوستانی فٹ بال ٹیم کو ایک کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا۔ فٹ بال ٹیم نے پیر کو ٹویٹ کیا کہ وہ بالاسور ٹرین حادثے کے متاثرین کو 20 لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔
ہندوستانی فٹ بال نے ٹویٹ کیاکہ ہم اپنی جیت کے لیے ٹیم کو نقد انعام دینے کے لیے حکومت اوڈیشہ کے شکر گزار ہیں۔ ڈریسنگ روم کے فوری اور اجتماعی فیصلے کے طور پر، ہم نے اس رقم میں سے 20 لاکھ روپے ریاست میں اس مہینے کے شروع میں پیش آنے والے افسوسناک ٹرین حادثے کے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ کوئی بھی جانی نقصان کی تلافی نہیں کر سکتا، لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ یہ خاندانوں کی مشکل وقت میں مدد کرنے میں اپنا چھوٹا سا کردار ادا کرے گا۔دریں اثنا، آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے صدر کلیان چوبے نے انٹرکانٹینینٹل کپ کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کرنے پر اوڈیشہ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔