ہانگژو: راؤنڈ آف 16 میں ہندوستان کو سعودی عرب کے خلاف 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ہندوستان نے اس سے قبل پول اے میں 3 میچ کھیلے تھے،جس میں اسے ایک میں جیت اور ایک میں ہارملی تھی جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔ سینئر مردوں کے فٹ بال فیفا رینکنگ میں ہندوستان دنیا میں 102 ویں نمبر پر ہے جبکہ سعودی عرب 57 ویں نمبر پر ہے۔ ناک آؤٹ کے سفر میں، سنیل چھتری اینڈ کمپنی نے بنگلہ دیش کو 1-0 سے ہرایا اور میانمار کو 1-1 سے ڈرا کھیلنے سے پہلے شروعاتی میچ میں چین سے 5-1 سے ہار ملی تھی۔
ہندوستان بمقابلہ سعودی عرب مقابلے میں شروعات سے ہی بہت دلچسپ کھیل دیکھنے کو ملا۔ سعودی عرب کے کھلاڑیوں نے شروع میں گول کرنے کے دو مواقع پیدا کیے لیکن دونوں بار ناکام رہے۔ مقابلے کے 22ویں منٹ میں سعودی کھلاڑی نے ایک بہترین پاس کو گول میں تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن گیند گول پوسٹ سے ٹکراکر واپس آگئی۔
پہلے ہاف میں سعودی عرب کے کھلاڑیوں نے انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلا لیکن سنیل چھتری کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے اپنے دفاع کو مضبوط رکھا اور سعودی عرب کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی لیکن دوسرے ہاف میں سعودی عرب نے انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے میچ کے 51ویں اور 57ویں منٹ میں دو گول داغے۔
یہ بھی پڑھیں:Asian Games 2023 مردوں کی پچاس میٹر رائفل تھری پی میں بھارت کو گولڈ میڈل
محمد مران خلیل نے فیلڈ شاٹ کو گول میں بدل کر یہ دونوں گول کیا۔ اس طرح سعودی عرب کی ٹیم نے مقابلے میں 2-0 کی نمایاں برتری حاصل کر لی۔ ہندوستانی ٹیم آخر تک گول کرنے کی کوشش کرتی رہی لیکن اسے کوئی کامیابی نہیں ملی۔ ہندوستانی فٹ بال ٹیم نے دو بار (1951 اور 1962) ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ آخری بار ہندوستانی ٹیم 2010 میں راؤنڈ آف 16 میں پہنچی تھی، جہاں اسے جاپان سے 5-0 سے ہارگئی تھی۔