ویسٹ انڈیز کے خلاف آج(22 جولائی) سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں شکھر دھون رواں برس بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے ساتویں کھلاڑی بن جائیں گے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں کئی بار بین الاقوامی ٹیموں کو ایک سال کے اندر کئی بار کپتانی میں تبدیلی کرنی پڑی ہے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں مردوں کی پانچ بین الاقوامی ٹیموں پر، جنہوں نے ایک سال میں پانچ سے زیادہ کپتانوں کے ساتھ تجربہ کیا۔ Indian Cricket Team Experimented with Seven Captains in a Year
بھارتی ٹیم، 2022، سات کپتان: پیٹھ کی چوٹ کی وجہ سے وراٹ کوہلی کے میچ سے باہر ہونے کے بعد کے ایل راہل نے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ سیریز 1-2 سے ہارنے کے بعد کوہلی ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے جس کے بعد روہت شرما کو تینوں فارمیٹس میں ٹیم کا کپتان بنایا گیا۔ حالانکہ ون ڈے سیریز میں زخمی روہت کی جگہ کے ایل راہل کو ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔ روہت گھریلو سرزمین پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم کے کپتان تھے اور ٹیم نے لگاتار 11 میچوں میں جیت درج کی۔ تاہم آئی پی ایل کے بعد بھارت کو ایک نئے کپتان کی طرف دیکھنا پڑا جب روہت اور راہل دونوں غیر حاضر تھے، اور وکٹ کیپر رشبھ پنت کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے کپتان بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم کو آئرلینڈ میں ٹی 20 سیریز کے ساتھ ساتھ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کی تیاری کرنی تھی۔ ایسی صورتحال میں ہاردک پانڈیا کی قیادت میں ایک ٹیم آئرلینڈ گئی جبکہ کورونا سے متاثرہ روہت کی جگہ جسپریت بمراہ نے ایجبسٹن میں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی۔ ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے روہت نے ٹیم میں واپسی کی لیکن اب انہیں ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ شکھر دھون کپتانی کریں گے۔ اس سے قبل دھون نے گزشتہ سال سری لنکا میں نوجوان بھارتی ون ڈے ٹیم کی قیادت کی تھی۔ Indian Cricket Team Records
سری لنکا، 2017، سات کپتان:رواں برس بھارت سے پہلے صرف ایک ٹیم نے ایک سال میں سات مختلف کپتانوں کا تقرر کیا تھا۔ سری لنکا نے پانچ سال پہلے ایسا کیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے دورے پر سری لنکا ٹیم کے باقاعدہ کپتان اینجلو میتھیوز نے دو ٹیسٹ اور دو ٹی 20 میچوں میں کپتانی کی جس کے بعد ہیمسٹرنگ انجری نے انہیں پانچ مہینوں کے لئے میدان سے باہر کر دیا اور دنیش چندیمل نے ایک ٹی 20 میچ میں کپتانی کرتے ہوئے سیریز 2-1 سے جیتی لیکن ون ڈے سیریز کی کمان اُپل تھرنگا کو سونپ دی گئی۔ جہاں محدود اوورز کے میچوں میں تھرنگا کپتانی کر رہے تھے وہیں رنگنا ہیراتھ نے تین ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کا کردار ادا کیا۔ جب چیمپئنز ٹرافی میں سست اوور ریٹ کی وجہ سے تھرنگا پرپابندی لگائی گئی تو میتھیوز نے ٹیم کی کپتانی کی لیکن گھر پر زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ چندیمل کو ٹیسٹ کپتان بنایا گیا اور تھرنگا ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔ تاہم، اس دوران لستھ ملنگا اور چمارا کپوگیدرا نے ایک ایک ون ڈے میں کپتانی کی تھی۔ اس کے بعد اکتوبر میں تھیسارا پریرا ایک سال میں سری لنکا کے ساتویں کپتان بنے جب کئی کھلاڑیوں نے یو اے ای میں پاکستان کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے نام واپس لے لیا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ سیریز کا آخری میچ لاہور میں کھیلا جانا تھا۔