ہرارے: بھارتی کرکٹ ٹیم لگاتار چوتھی ون ڈے سیریز جیتنے کی کوشش میں ہفتہ کو زمبابوے کے خلاف اپنا دوسرا ون ڈے کھیلے گی۔ بھارت اس وقت تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری پر ہے اور اگر وہ میچ جیت جاتا ہے تو اسے 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل ہوگی۔ یہ کے ایل راہل کی بطور کپتان پہلی فاتح سیریز بھی ہوگی۔ India vs Zimbabwe 2nd ODI Match Preview
تقریباً تین ماہ بعد میدان میں واپس آنے والے راہل بھی اس میچ میں اوپننگ کر سکتے ہیں۔ انہیں گزشتہ میچ میں چوتھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنا تھی لیکن 189 رنز کا ہدف شیکھر دھون اور شبھمن گل کی جوڑی نے حاصل کر لیا جس کی وجہ سے انہیں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا۔ اگست کے آخر میں ہونے والے ایشیا کپ سے پہلے راہل وکٹ پر وقت گزارنے کے لیے پہلے نمبر پر بلے بازی کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب اگر شبھمن گل کو اننگز کا آغاز کرنے کا موقع ملا تو وہ اس جگہ کو اپنا بنانا چاہیں گے۔ گل، اپنی پچھلی چار اننگز میں اوپننگ کرتے ہوئے 64، 43، 98 اور 82 کے اسکور کئے تھے اور وہ مستقبل میں بھارت کے مستقل اوپنر بننے کے مضبوط دعویدار ہیں۔ بھارت کے حریف زمبابوے کو ان سے بہتر ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بیٹنگ کے کچھ مسائل حل کرنے ہوں گے۔ اس سیریز میں آنے سے قبل زمبابوے نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی لیکن بھارت کے خلاف پہلے میچ میں ٹیم کا رنگ پھیکا نظر آیا۔