بھارت اور سری لنکا کے مابین ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔ India Sri Lanka T20 Series پہلا ٹی 20 میچ لکھنؤ کے اٹل بہاری واجپئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی ٹیم نے گزشتہ برس جولائی میں سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلی تھی جو سری لنکا نے دو۔ایک سے جیت لی تھی۔
تاہم اس وقت بھارتی ٹیم میں نہ تو سینیئر کھلاڑی تھے اور نہ ہی اصل کوچ۔ اس وقت بھارت پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کے دورے پر تھا اور ہیڈ کوچ روی شاستری کے ساتھ روہت شرما، وراٹ کوہلی، لوکیش راہل، رشبھ پنت، رویندر جڈیجہ اور جسپریت بمراہ سمیت کئی سینیئر کھلاڑی اس دورے میں شامل تھے۔
لیکن اس بار سری لنکا کے سامنے ہٹ مین روہت شرما کی قیادت والی نوجوان اور پرجوش ٹیم انڈیا کا سخت چیلنج ہوگا۔
بھارت اتوار کو ہی ویسٹ انڈیز کو 17 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 سیریز میں تین۔صفر سے کلین سویپ کرنے کے بعد چھ سال کے وقفے کے بعد آئی سی سی ٹی 20 ٹیم رینکنگ میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کر لیا۔
دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں بات کریں تو بھارت نے حال ہی میں ٹی 20 سیریز میں ویسٹ انڈیز کو کلین سویپ کیا ہے جبکہ سری لنکا کو آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز میں چار۔ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بھارتی ٹیم جہاں ایک جانب پُر اعتماد نظر آرہی ہے وہیں دوسری جانب سری لنکا پر سیریز کی شکست کا دباؤ بھی ہوگا۔