نئی دہلی: ٹیم انڈیا کا جنوبی افریقہ دورہ 10 دسمبر سے شروع ہونے والا ہے۔ اس دورے کا آغاز 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوگا۔ سوریہ کمار یادو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھارتی ٹیم کی کپتانی کرتے نظر آئیں گے۔ اس سیریز کا پہلا میچ 10 دسمبر، دوسرا میچ 12 دسمبر اور تیسرا میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس سیریز سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں دونوں ٹیموں کے اعدادوشمار کے اعتبار سے بھارتی ٹیم مضبوط نظر آرہی ہے۔
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2006 سے اب تک کل 24 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ جس میں بھارتی ٹیم نے افریقی ٹیم کو 13 میچوں میں شکست دی اور 10 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ سال 2022 میں 9 میچ کھیلے گئے تھے جن میں سے 4 میچز جنوبی افریقہ نے جیتے تھے جبکہ 4 میچز بھارت نے بھی جیتے تھے،جبکہ ان دونوں کے درمیان ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
اگر ہم ان دونوں کے درمیان آخری دو میچوں کی بات کریں تو دونوں بار جنوبی افریقی ٹیم فاتح رہی ہے۔ بھارت کو پہلے 4 اکتوبر 2022 کو جنوبی افریقہ نے 49 رنز سے شکست دی تھی اور پھر 30 اکتوبر 2022 کو جنوبی افریقہ نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سال 2023 میں یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ہوگا جو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔