لکھنؤ: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی 20 میچ ہارنے کے بعد ہاردک پانڈیا کی قیادت میں نوجوان بھارتی کرکٹ ٹیم سیریز میں واپسی کے ارادے کے ساتھ اتوار کو اکانا میدان میں اترے گی۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہارنے کے بعد کل کا میچ ویسے بھی بھارتی ٹیم کے لیے 'کرو یا مرو' والا ہوگا۔ میچ کو اپنے حق میں کرنے کے لیے نوجوانوں سے بھری بھارتی ٹیم کو جوش کے ساتھ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے سے گریز کرنا ہوگا جبکہ کپتان ہاردک پانڈیا بھی تجربات کے زیادہ استعمال سے پرہیز کریں گے۔ رانچی کے میچ میں سات باؤلرز کے استعمال کے باوجود توقع سے زیادہ رنز خرچ کیے گئے جب کہ بیٹنگ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی نے ٹیم کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔ نتیجتاً بھارت اپنے گھریلو میدان میں ہارنے پر مجبور ہوا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاندار یارکر سے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے ارشدیپ کی کارکردگی اپنی سرزمین پر اب تک توقع کے مطابق نہیں رہی ہے۔ کل کے میچ میں موقع ملنے پر انہیں وائیڈ بال پر لگام لگانی ہوگی وہیں طوفانی گیندباز عمران ملک اور شیوم ماوی کو لائن لینتھ کو کنٹرول کرکے کیوی بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا کرنا ہوں گی۔ رانچی میں اسپنروں کے لئے مددگار رہی پچ پر واشنگٹن سندر اور کلدیپ یادو کی کارکردگی عمدہ رہی۔ سندر نے نیوزی لینڈ کے دو اہم وکٹ حاصل کرنے کے بعد شاندار نصف سنچری اسکور کی لیکن وہ ٹیم کی شکست کو روکنے میں ناکام رہے۔
اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر ہندوستانی ٹیم میں تجربات کا سلسلہ جاری ہے۔ تجربہ کار کوچ راہل دراوڈ کی قیادت میں پرجوش کھلاڑیوں نے خود کو ثابت بھی کیا ہے، لیکن ٹاپ آرڈر کی ناکامی رانچی میں شکست کی ایک بڑی وجہ بن کر سامنے آئی ہے۔ اب سیریز کے فیصلہ کن میچ میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کپتان پانڈیا اور کوچ دراوڈ ٹاپ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہیں یا پھرآخری پلیئنگ الیون پر ہی بھروسہ کریں گے۔ ان فارم پرتھوی شا کے مستقبل کا فیصلہ بھی کل کے میچ میں ہو سکتا ہے۔