تریواننت پورم: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ کیرلا کے تریواننت پورم کا گرین فیلڈ اسٹیڈیم اس میچ کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل جمعرات کو پہلے میچ میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کو دو وکٹ سے شکست دے دی تھی، اس میچ میں آسٹریلیا نے 209 رنز کا ہدف دیا تھا جس کو بھارتی ٹیم نے آخری گیند پر حاصل کر لیا تھا اور یہ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کا سب سے زیادہ رنز کا کامیاب تعاقب تھا۔
ٹی 20 میں بھارتی ٹیم کے 13ویں کپتان بننے والے سوریہ کمار نے 42 گیندوں میں 80 رنز بنائے۔ ایشان کشن نے بھی 58 رنز کی اننگز کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ رنکو سنگھ نے آخری اوورز میں صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔ اس سے قبل جوش انگلس نے 47 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیائی بلے باز کی تیز ترین سنچری بنائی تھی۔ اسٹیو اسمتھ نے بھی شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 130 رنز جوڑے اور آسٹریلوی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
بھارت اور آسٹریلیا اب تک 27 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ جس میں بھارت نے 16 میچ جیتے ہیں جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم 10 بار فاتح رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔
پچ رپورٹ: تریواننت پورم کے گرین فیلڈ اسٹیڈیم کی پچ ایک متوازن پچ ہے۔ یہاں گیندباز اور بلے باز کو یکساں مدد ملتی ہے۔ اس اسٹیڈیم میں اب تک تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ اس گراؤنڈ کا اوسط اسکور 151 کے قریب ہے اور اس اسٹیڈیم کا اب تک کا سب سے زیادہ اسکور 173 رنز ہے۔ آج کے میچ میں بھی بہت زیادہ اسکورنگ ہونے کا امکان نہیں ہے۔