اردو

urdu

ETV Bharat / sports

سچن کا ریکارڈ توڑ کر کوہلی نے مزید ایک سنگ میل عبور کیا - وراٹ کوہلی ریکارڈز

بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف بھلے ہی یکروزہ سیریز گنوادی لیکن اس سیریز میں وراٹ کوہلی نے متعدد ریکارڈ اپنے نام کئے ہیں۔

Virat kohli
Virat kohli

By

Published : Dec 2, 2020, 7:21 PM IST

یک روزہ کرکٹ میں 12 برس سے زیادہ کا عرصہ گزارنے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی یک روزہ کرکٹ میں سب سے تیز 12 ہزار رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

وراٹ کوہلی نے یہ کارنامہ انجام دے کر عظیم کرکٹر سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

بھارتی کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری یک روزہ میچ میں 63 رنز کی اننگز میں 23 واں رن لیتے ہی یہ کارنامہ انجام دیا۔ وراٹ نے اننگز اور وقت کے لحاظ سے سچن کا ریکارڈ توڑا ہے۔

بشکریہ ٹویٹر

تین میچوں کی سیریز شروع ہونے سے پہلے وراٹ کو اس ریکارڈ تک پہنچنے کے لیے 133 رنز درکار تھے۔ وراٹ نے پہلے میچ میں 21 رنز اور دوسرے میچ میں 89 رنز بنائے تھے جبکہ تیسرے میچ میں اپنی اننگز کا 23 واں رن بناتے ہی ایک نیا ریکارڈ بنایا۔

وراٹ کوہلی یک روزہ کرکٹ میں 12 ہزار رنز تک پہنچنے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ میچ میں تینوں فارمیٹس میں 22 ہزار رنز بھی مکمل کئے تھے۔

واضح رہے کہ ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کو 12 ہزار رنز تک پہنچنے کے لیے 300 اننگز اور 13 سال 73 دن لگے تھے جبکہ وراٹ نے یہ کارنامہ 242 اننگز اور 12 سال 106 دن میں انجام دے دیا۔

وراٹ کوہلی نے اپنے یک روزہ کریئر کا آغاز 18 اگست 2008 کو کیا تھا۔

اس سے قبل پانچ کھلاڑی یک روزہ کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں۔ جن میں سچن نے 463 میچوں میں 18 ہزار 426 رنز، سری لنکا کے کمار سنگا کارا نے 404 میچوں میں 14 ہزار 234 رنز، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ نے 375 میچوں میں 13 ہزار 704، سری لنکا کے سنتھ جے سوریہ نے 445 میچوں میں 13 ہزار 340 رنز اور سری لنکا کے ہی مہیلا جے وردھنے نے 448 میچوں میں 12 ہزار 867 رنز بنائے ہیں۔

گزشتہ ماہ 5 نومبر کو اپنی 32 ویں سالگرہ منانے والے وراٹ نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا دوسرا میچ کھیلتے ہی 250 یک روزہ میچ مکمل کر لیا تھا، یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ 8 ویں بھارتی کھلاڑی بن گئے تھے۔

اس سے قبل سچن تندولکر، مہندر سنگھ دھونی، راہل داروڈ، محمد اظہرالدین، ​​سورو گنگولی، یوراج سنگھ اور انل کمبلے نے 250 یا اس سے زیادہ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔

اس کے علاوہ دوسرے میچ میں وراٹ کوہلی نے ایک اور سنگ میل طے کیا۔ انہوں نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 22 ہزار رنز مکمل کئے تھے۔

وراٹ نے تینوں فارمیٹس کے 419 میچوں میں 22 ہزار 74 رنز بنائے ہیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سچن تیندولکر کے نام ہے جنہوں نے 664 میچوں میں 34 ہزار 357 رنز بنائے ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details