جسٹن لینگر نے انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے گزشتہ ایڈیشن کے انعقاد کے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی وجہ کافی حد تک آئی پی ایل ہے۔ موجودہ ٹیسٹ سیریز میں کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی وجہ آئی پی ایل ٹی 20 لیگ کو بتایا۔
لینگر نے کہا کہ آئی پی ایل کا گزشتہ ایڈیشن غلط وقت پر کھیلا گیا تھا جو اب کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی وجہ بن رہا ہے۔
جسٹن لینگر نے کہا کہ 'اس موسم میں کھلاڑیوں کے فٹ ہونے کے لیے کافی تکلیف ہونے والی ہے۔ ہم نے یک روزہ اور ٹی 20 میچوں کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ سیریز میں بھی اس کا سامنا کیا ہے۔ میں اس میں کوئی مدد تو نہیں کرسکتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ گزشتہ آئی پی ایل کا انعقاد صحیح وقت پر نہیں ہوا تھا۔ یقینی طور پر اس طرح کی کسی بڑی سیریز کے لیے تو نہیں۔
لینگر نے مزید کہا کہ 'بھارتی ٹیم آئی پی ایل کے دوران چوٹ کی وجہ سے روہت شرما اور ایشانت شرما کے بغیر آسٹریلیا پہنچی۔ اس دورے کے آغاز سے ہی محمد سمیع، رویندر جڈیجہ، اُمیش یادو، لوکیش راہل زخمی ہوئے ہیں جبکہ اب روی چندرن اشون، ہنوما وہاری، رشبھ پنت اور مینک اگروال بھی انجری کا شکار ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم کے بارے میں بات کریں تو ہمارے پاس ڈیوڈ وارنر اور مارکس اسٹوائنس نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں(وارنر، اسٹواءنس) نے اپنی اپنی ٹیموں کے لیے آئی پی ایل میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وارنر بھارت کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ سے باہر تھے جبکہ وہ تیسرے میچ میں مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود واپس آئے تھے۔
لینگر نے کہا کہ مجھے آئی پی ایل بہت پسند ہے۔ اب میں آئی پی ایل کو اس نظریہ سے دیکھتا ہوں کہ نوجوان کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ کیسے کھیلتے ہیں جو ان کے کھیل کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔میرے خیال میں اب آئی پی ایل کے ذریعے ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔ یہ انہیں سفید گیند کرکٹ میں اصلاح کرنے میں مدد کرتا ہے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اس کےانعقاد کا وقت صحیح نہیں تھا۔
لینگر نے کہا کہ ہمیں کچھ بہتر لوگ اور ڈاکٹرز ملے ہیں۔ ہم اس سیریز کے بعد کھلاڑیوں کی انجری کا جائزہ لیں گے۔ اگر مزید کھلاڑی زخمی ہو رہے ہیں تو یقینی طور پر اس کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔