اگرچہ ابھی یہ طے نہیں ہے کہ سمیع وطن کب واپس آئیں گے لیکن امکان ہے کہ وہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ وطن واپس آسکتے ہیں جو اتوار کو ایڈیلیڈ میں دیکھے گئے تھے۔ بتادیں کہ ویراٹ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لئے جلد ہی وطن واپس آنے والے ہیں۔
محمد سمیع ٹسٹ سیریز سے باہر - urdu khabar
آسٹریلیا کے خلاف پہلے دن ڈے نائٹ ٹسٹ میں 36 رن کے اپنے کم اسکور پر آؤٹ ہوکرشرمناک شکست کا سامنا کرچکی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو تیز گیند باز محمد سمیع کے طور پر ایک اور دھچکا لگا ہے جو ہاتھ میں فریکچر کے سبب ٹسٹ سیریز کے باقی تین میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔
سمیع کو ہندوستان کی دوسری اننگز میں تیسرے دن سنیچر کو ہندوستانی اننگز کے اختتام کے وقت دائیں بازو میں پیٹ کمِنس کے باؤنسر سے چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں میدان سے باہر جانا پڑا اور ہندوستانی اننگز 36 رن پر سمٹ گئی۔ ہاتھ پر گیند لگنے کے بعد ہندوستانی طبی ٹیم نے ان کی چوٹ کا معائنہ کیا۔ سمیع نے درد کا اسپرے لگانے کے بعد اپنی اننگز کو پھر سے شروع کرنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ بلے کے ساتھ بازو کو بھی نہیں اٹھا سکے جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔
یاد رہے کہ سمیع کا باقی ٹسٹ سیریز میں کھیلنا اس لئے بھی مشکل ہے کیونکہ وہ دوسری اننگز کے دوران گیند بازی کرنے بھی نہیں آئے اور انہیں میچ ختم ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے ہاتھ ملانے کے دوران بھی نہیں دیکھا گیا۔ انہیں اگرچہ بعد میں ایڈیلیڈ میں ہاتھ پر پٹی باندھے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ میچ کے بعد پریزینٹیشن میں ہندوستانی کپتان ویراٹ نے کہا تھا کہ سمیع کی چوٹ والی جگہ درد ہےاور وہ اپنے گیند بازی والے ہاتھ کو مشکل سے اٹھا پارہے ہیں۔ سمیع کے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کے بعد ہندوستان کو زور کا دھچکا لگا ہے۔