آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کے خلاف 50 اوورز میں چار وکٹ گنوا کر 389 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری بھارتی ٹیم نے 50 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر محض 338 رنز ہی بناسکی۔
اس طرح سے آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 51 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی ہے۔
بھارت کی طرف سے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے اپنی اپنی نصف سنچری بنائی۔ ان کے علاوہ ٹیم کا کوئی بھی بلے باز اچھی بلے بازی نہیں کرسکا اور پوری ٹیم 338 رنز ہی بناسکی۔
آسٹریلیائی ٹیم نے آج بھارت کے خلاف ون ڈے میچ میں سب سے بڑا اسکور (389)بنایا ۔ آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میچ میں 374 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا اور دوسرے ون ڈے میچ میں اس اسکور کو پیچھے چھوڑ کر ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر، آرون فنچ اور اسٹیو اسمتھ نے ایک بار پھر عمدہ بلے بازی کی۔ وارنر نے 77 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے۔ فنچ نے 60 رنز بنانے کے لیے 69 گیندیں کھیلیں اور چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔