دبئی: ٹیم انڈیا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے قبل ایک بڑا سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔ بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا سے ٹیسٹ کی بادشاہت چھین لی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے منگل کے روز جاری کی گئی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی ٹیم نمبر 1 ٹیم بن گئی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ دونوں ٹیموں کے درمیان 7 سے 12 جون تک کھیلا جائے گا۔ اس بڑے میچ سے پہلے بھارتی ٹیم نے نمبر 1 ٹیسٹ ٹیم کا تاج حاصل کرکے شایقین کرکٹ کو شاندار تحفہ دیا ہے۔ گزشتہ 15 مہینوں سے ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست آسٹریلیا کی بادشاہت بھارتی ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے قبل ختم کر دیا ہے۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ بغیر کوئی نیا ٹیسٹ میچ کھیلے آسٹریلیا کیسے پیچھے رہ گیا اور بھارتی ٹیم پہلے نمبر پر کیسے پہنچ گئی؟پھر آپ کو بتاتے چلیں کہ آئی سی سی نے یہ سالانہ رینکنگ جاری کی ہے، جس میں مئی 2020 سے مئی 2022 تک کو شمار کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے آسٹریلیا کو 5 ریٹنگ پوائنٹس کا نقصان ہوا اور وہ دوسرے نمبر پر کھسک گیا، جب کہ بھارت کو 2 ریٹنگ پوائنٹس کا فائدہ ہوا اور وہ 121 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نمبر 1 ٹیسٹ ٹیم بن گئی۔ تازہ ترین رینکنگ سے قبل آسٹریلیا 122 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور بھارت 119 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔