رائے پور:روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کی دفاعی چیمپئن انڈیا لیجنڈس نے نمن اوجھا (ناٹ آؤٹ 90) اور عرفان پٹھان (ناٹ آؤٹ 37 رن) کی نایاب اننگز کی بدولت شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں آسٹریلیا لیجنڈز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایک بار پھر ٹورنامنٹ کے فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا۔ Road Safety World Series first Semi Final
گزشتہ سال فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کے پہلے ایڈیشن کا خطاب جیتنے والی انڈیا لیجنڈز نے آسٹریلیا کی طرف سے دئے گئے 172 رنوں کے ہدف کو 19.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوجھا نے 62 گیندوں کی اپنی ناقابل شکست اننگ میں سات چوکے اور پانچ چھکے لگائے، جبکہ اس میچ کو انڈیا لیجنڈز کی جانب موڑنے والے عرفان نے 12 گیندوں میں چار چھکے اوردوچوکے لگائے۔ نمن اور عرفان نے چھٹے وکٹ کے لیے 22 گیندوں پر 50 رنوں کی شراکت داری کرکے انڈیا لیجنڈز کو ہدف تک پہنچا دیا۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا لیجنڈز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 171 رنز بنائے۔ کنگارؤں نے بدھ کو بارش کی وجہ سے کھیل روکے جانے سے قبل 17 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 136 رن بنائے تھے۔ اگلے دن جمعرات کو جب دوپہر کے وقت کھیل شروع ہوا توآسٹریلیا نے تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے 18 گیندوں میں 35 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان شین واٹسن نے 30، ایلکس ڈولن نے 35، بین ڈنک نے 46 اور کیمرون وائٹ نے 35 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہیڈن 12 رنوں پرناٹ آؤٹ لوٹے۔ انڈیا لیجنڈز کی جانب سے یوسف پٹھان اور ابھیمنیو متھن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ راہل شرما کو ایک کامیابی ملی۔ واٹسن اور ڈولن نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 43 گیندوں پر 70 رنز کی شراکت قائم کی۔ واٹسن 21 گیندوں پر 6 چوکے لگانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ڈولن بھی زیادہ دیر نہ چل سکے اور 78 کے مجموعی اسکور پر 31 گیندوں میں پانچ چوکے لگانے کے بعد یوسف کا شکار ہوئے۔
یوسف نے کیلم فرگوسن (10) اور متھن نے ناتھن ریارڈن (5) کو زیادہ دیر ٹکنے نہیں دیا لیکن بین ڈنک نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے شائقین کو محظوظ کیا۔ ڈنک نے 131 رنوں کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹنے سے قبل 26 گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے بعد ہیڈن وکٹ پر آئے لیکن ساتھ ہی بارش بھی آگئی۔ بارش کے باعث بدھ کوآگےکا مقابلہ نہیں ہوسکا اوراسے جمعرات کو وہیں سے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جہاں یہ روکا گیا تھا۔ اس وقت وائٹ چھ اور ہیڈن ایک رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔